برلن ، 16 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) یمن کے ایک شہری نے اپنے ملک میں امریکی ڈرون حملوں کے باعث جرمن حکومت کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ برلن حکومت کے خلاف مقدمے کی وجہ ان حملوں کیلئے جرمنی میں ایک امریکی فضائی اڈے کا مبینہ استعمال ہے۔ یہ مقدمہ شہر کولون کی ایک انتظامی عدالت میں دائر کیا گیا ہے۔ مدعی کے مطابق اگست 2012ء میں یمن میں ایک گاؤں پر امریکی ڈرون حملے میں اس کا برادر نسبتی اور ایک بھانجہ ہلاک ہو گئے تھے۔ مقدمے میں جرمن حکومت کو فریق اس لئے بنایا گیا ہے کہ ڈرون طیارے کو مبینہ طور پر جرمنی میں رامشٹائن کے امریکی فوجی اڈے سے کنٹرول کیا گیا تھا۔