یمنی بچوں پر داغا گیا بم امریکہ نے فراہم کیا : رپورٹ

واشنگٹن 18 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) شمالی یمن میں باغیوں کے کنٹرول والے علاقہ میں ایک بس پر سعودی زیر قیادت اتحادی افواج کے حملے میں جو 40 بچے اور 11 دوسرے افراد ہلاک ہوگئے تھے وہ بم امریکہ کی جانب سے فراہم کیا گیا تھا ۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے سعودی عرب کے ساتھ ایک معاہدہ کے تحت یہ بم فراہم کیا تھا ۔ سی این این کی ایک رپورٹ میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ سابق صدر بارک اوباما نے اکٹوبر 2016 میں اس طرح کے بم کے استعمال میں 140 افراد کی ہلاکت کے بعد یہ بم سعودی عرب کو فروخت کرنے پر امتناع عائد کردیا تھا ۔ اس وقت یہ بم ایک جلوس جنازہ کو نشانہ بناتے ہوئے استعمال کیا گیا تھا تاہم ڈونالڈ ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد اس فیصلے کو تبدیل کردیا گیا اور دوبارہ یہ بم فروخت کئے جا رہے ہیں۔ ماہ اگسٹ ہی میں ہوئے اس حملہ میں 79 افراد شدید زخمی ہوئے تھے جن میں 56 بچے بھی شامل تھے ۔ یہ صوبہ سعودی عرب کی سرحد کے قریب واقع ہے ۔ بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی نے یہ بات بتائی تھی ۔