مہاراشٹرا اسمبلی میں کانگریس ارکان کے خلاف بی جے پی ۔ شیوسینا ارکان کے ریمارک پر ہنگامہ آرائی ، اجلاس چھ مرتبہ ملتوی
ممبئی ۔29جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )ممبئی سلسلہ وار بم دھماکوں کے مقدمہ میں جرم کے مرتکب یعقوب میمن کو پھانسی دینے کے سوال پر پیداشدہ تنازعہ کی آج مہاراشٹرا قانون ساز اسمبلی میں بھی گونج رہی ۔ بی جے پی ۔ شیوسینا اتحاد کے ارکان نے مطالبہ کیاکہ یعقوب کی سزائے موت پر تعمیل کو روک دینے کیلئے صدرجمہوریہ سے درخواست کرنے والے کانگریس کے ارکان اسمبلی کے خلاف ملک سے غداری کا مقدمہ درج کیا جائے ۔ اس مسئلہ پر حکمراں بی جے پی۔ شیوسینا اور کانگریس ۔ این سی پی اپوزیشن اتحاد کے ارکان کے درمیان زبردست ہنگامہ آرائی اور نعرہ بازی کے نتیجہ میں اجلاس کو چھ مرتبہ ملتوی کرنا پڑا ۔ ایوان کی کارروائی آج جیسے ہی شروع ہوئی اسپیکر ہری بھاؤ باگڈے نے وقفہ سوالات کے آغاز کا حکم دیا ۔
تاہم اپوزیشن لیڈر رادھا کرشنا وکھے پاٹل نے بی جے پی وزراء کے خلاف رشوت ستانی کے الزامات اور مرہٹواڑہ کی ترقی کے موضوع پر بحث کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ۔ اسپیکر نے کہاکہ پہلے وقفہ سوالات مکمل کیا جائے بعد ازاں اپوزیشن کے مطالبہ پر فیصلہ کیا جائے گا ۔ تاہم کانگریس اور این سی پی ارکان نے جارحانہ انداز میں اپنے مطالبہ پر اصررا کیا اور نعرہ بازی کرتے ہوئے ایوان کے وسط میں پہونچ گئے ۔ اس دوران بی جے پی اور شیوسینا ارکان نے یعقوب میمن کے دلالوں کو سزاء دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرہ بازی کی ۔ گلاب راؤ پاٹل (شیوسینا ) نے کہاکہ کانگریس کے سات ارکان اسمبلی کے خلاف ملک سے غداری کا مقدمہ چلایا جانا چاہئے جنھوں نے صدرجمہوریہ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے یعقوب میمن کو دی جانے والی سزائے موت کی مخالفت کی تھی ۔ سینا کے ارکان نے پھانسی کے پھندہ کے ساتھ بالی ووڈ سوپر اسٹار سلمان خان کی تصویر بھی لہرائی جنھوں نے یعقوب کی تائید میں ٹوئٹر پیام پوسٹ کیا تھا ۔
نعرہ بازی کے درمیان کانگریس کے رکن اسلم شیخ نے صدرجمہوریہ کے نام مکتوب پر وضاحت کرنے کی کوشش کی لیکن بی جے پی ۔ شیوسینا ارکان نے ہنگامہ آرائی کے ذریعہ انھیں خاموش بیٹھنے پر مجبور کردیا ۔ بعد ازاں سابق چیف منسٹر پرتھوی راج چوہان نے اخباری نمائندوں سے کہاکہ ایوان میں حکمراں جماعتوں کے ارکان کی ہنگامہ آرائی سے ایوان کی کارروائی متاثر ہورہی ہے ۔ یعقوب میمن کی سزاء روکنے صدرجمہوریہ کو کانگریس کے ارکان اسمبلی کے مکتوب سے متعلق ایک سوال پر چوہان نے جواب دیا کہ کانگریس کا موقف یہ ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ کی بہرصورت پابندی کی جائے ۔ بی جے پی ارکان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق یعقوب میمن کو سزاء دینے کا مطالبہ کیا۔