نئی دہلی۔ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج یعقوب عبدالرزاق میمن کی درخواست کو مسترد کردیا ہے جس میں انہوں نے 1993ء کے ممبئی سلسلہ وار بم دھماکوں میں ان کی سزائے موت کے فیصلہ پر نظرثانی کی درخواست کی تھی۔ تین رکن ججس کی بینچ نے جس کی قیادت جسٹس اے آر دیو کررہے ہیں، میمن کی درخواست نظرثانی کو مسترد کردیا۔ اس کیس میں موت کی سزا پانے والے واحد مجرم ہیں۔ سپریم کورٹ نے 2 جون 2014ء کو میمن کو پھانسی دینے پر حکم التواء دیا تھا۔ قبل ازیں 31 مارچ 2013ء کو بھی سپریم کورٹ نے یعقوب میمن کی سزائے موت کو برقرار رکھا تھا۔ وہ مفرور داؤد ابراہیم کے ساتھ 1993ء کے ممبئی سلسلہ وار بم دھماکوں میں ماخوذ تھے۔ فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ ہم سے سابقہ فیصلہ پر نظرثانی کی خواہش کی گئی تھی ، ہم نے دونوں فریقین کے دلائل کا جائزہ لیا جیسا کہ درخواست کی گئی تھی اور تحت کی عدالت کے فیصلہ کا جائزہ لینے کے بعد مجرم قرار دینے اور سزا سنانے کے ادعا کی تو ثیق کردی ہے۔