یعقوب میمن کو پھانسی کے پیش نظر شہر میں چوکسی

حیدرآباد ۔ /22 جولائی (سیاست نیوز) ممبئی بم دھماکہ کیس کے ملزم یعقوب میمن کو /30 جولائی کو پھانسی دیئے جانے کے پیش نظر حیدرآباد سٹی پولیس نے سکیورٹی کے وسیع ترین انتظامات کئے ہیں ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے آج ایک پریس کانفرنس میں یہ بات بتائی ۔ 1993 ء ممبئی بم دھماکوں کیس کے ملزم یعقوب میمن کو پھانسی کی سزاء دیئے جانے کے پیش نظر بعض اطلاعات موصول ہورہی ہیں جس کے سبب پولیس نے شہر میں سکیورٹی میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے ۔ مسٹر ریڈی نے بتایا کہ اب تک کوئی مخصوص انٹلیجنس اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں لیکن بعض نیوز چیانل کی جانب سے پھانسی کی سزاء دیئے جانے کے سبب شہر میں امن و امان کو خطرہ لاحق ہونے کا خدشہ ظاہر کئے جانے پر پولیس نے احتیاطی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے ۔
واضح رہے کہ کل سپریم کورٹ نے یعقوب عبدالرزاق میمن کی درخواست معافی مسترد کردی تھی جس کے نتیجہ میں اسے 30 جولائی کو پھانسی دیدی جائے گی ۔