یشونت سنہا نے معاشی صورتحال پر’ آئینہ ‘ دکھایا ہے

جو کچھ کہا وہ قوم کے مفاد میں ہے ‘ارون شوری کی بھی ستائش ‘ شترو گھن سنہا کے ٹوئیٹس
نئی دہلی 28 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ شتروگھن سنہا نے آج اپنے پارٹی رفیق یشونت سنہا کی مدافعت کی جنہوں نے ملک کی معیشت پر تشویش کا اظہار کیا تھا ۔ شتروگھن سنہا نے کہا کہ یشونت سنہا ایک حقیقی سیاستدان ہیں اور انہوں نے حکومت کوآئینہ دکھایا ہے ۔ شتروگھن سنہا کئی مسائل پر پارٹی کے موقف سے اختلاف کرتے ہیں۔ انہوں نے سابق وزیر فینانس کی تنقیدوں کو مسترد کرنے پر پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان ریمارکس کو مسترد کرنا بچکانہ ہوگا کیونکہ ہم سب جانتے ہیں کہ یہ سب کچھ پارٹی اور قوم کے مفاد میں ہے ۔ انہوں نے حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کئی ٹوئیٹس کئے ۔ انہوں نے کہا کہ یشونت سنہا کے تبصروں کو سیاسی اغراض پر مبنی قرار دیا جا رہا ہے ہم سب جانتے ہیں کہ اس سب کے پیچھے ایک رسوائے زمانہ اور پوشیدہ شعبہ کام کر رہا ہے ۔ فلم اداکار سے سیاستدان بننے والے شروگھن سنہا نے کہاکہ وزیر اعظم نے حال ہی میں یہ اعادہ کیا تھا کہ قوم پارٹی سے زیادہ بڑی ہے اور قومی مفاد ہی سب سے پہلے آتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کا مستحکم خیال ہے کہ یشونت سنہا نے جو کچھ تحریر کیا ہے وہ پوری طرح پارٹی اور قوم کے مفاد میں ہے ۔ وہ ایک حقیقی مدبر ہیں اور ان کی فہم و فراست آزمودہ ہے ۔ انہوں نے ملک کے بہترین اور کامیاب وزرائے فینانس کی فہرست میں جگہ بناتے ہوئے خود کو منوایا ہے ۔ انہوں نے ہندوستان کی معاشی حالت پر آئینہ دکھایا ہے اور سیدھے سر میں کیل ٹھونکا ہے ۔ یشونت سنہا کو اپنا بڑا بھائی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈر کی ستائش کی جانی چاہئے اور ان خیالات کا اظہار کرنے پر تعریف کی جانی چاہئے ۔ اپنے ٹوئیٹس میں شتروگھن سنہا نے ارون شوری کی بھی ستائش کی جو اٹل بہاری واجپائی کابینہ میں یشونت سنہا کے رفیق تھے اور اب وہ مودی حکومت کی پالیسیوں کے بڑے نقاد بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یشونت سنہا اور ارون شوری دو تجربہ کار اور باصلاحیت دانشور ہیں۔ دونوں کو کسی عہدہ کی امید یا خواہش نہیں ہے ۔ خاص طور پر ایسے میں جبکہ آئندہ انتخابات کیلئے صرف دو سال کا وقت رہ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ یشونت سنہا پر تنقیدیں کر رہے ہیں انہیں ہر بات کا جواب دینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ کوئی بھی ان کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کا جواب نہیں دے رہا ہے ۔ ان کی خواہش اور امید ہے کہ پارٹی کے ذمہ داران یشونت سنہا کی جانب سے اٹھائے گئے پوائنٹس کو سمجھے اور جلد حالات کو بہتر بنانے کے اقدام کئے جائیں۔