نئی دہلی ۔ 4 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی عدالت نے ممبئی انسداد دہشت گردی اسکواڈ کو اجازت دی ہے کہ وہ انڈین مجاہدین کے بانی یسین بھٹکل اور ان کے ساتھی اسد اللہ اختر کو گرفتار کرے۔ 13 جولائی 2011 ء ممبئی دہشت گرد حملوں کے سلسلہ میں یہ گرفتاری عمل میں آئے گی ۔ اس حملہ میں 20 افراد ہلاک اور 141 زخمی ہوئے تھے ۔ ڈسٹرکٹ جج آئی ایس مہتا نے ممبئی اے ٹی ایس کی درخواست پر بھٹکل اور اختر کی گرفتاری کی اجازت دی ہے ۔ اے ٹی ایس نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ ان دونوں سے پوچھ گچھ کیلئے تحویل میں لینا ضروری ہے ۔ جج نے کہا کہ میں اے ٹی ایس کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے محمد احمد سدی اپا عرف یسین بھٹکل اور اسداللہ اختر کی گرفتاری کی اجازت دیتا ہوں۔ یسین بھٹکل 2010 ء کے چناسوامی اسٹیڈیم میں بم دھماکوں کے سلسلہ میں کرناٹک پولیس کی تحویل میں ہیں،انہیں آج عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔
گڑبڑ کرنے والے ارکان کے خلاف کارروائی سے اسپیکر کا گریز
نئی دہلی ۔ 4 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام)اسپیکر لوک سبھا میرا کمار نے آج اس سوالوں کو ٹال دیا کہ آیا کل سے شروع ہونے والے لوک سبھا کے آخری سیشن میں گڑبڑ کرنے والے ارکان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ یہ سیشن تلنگانہ بل کے مسئلہ پر ہنگامہ خیز ہونے کا امکان ہے۔ میرا کمار نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آپ یہ سوال اس وقت کر رہے ہیں جب میں ایوان میں نظم و ضبط کی برقراری کیلئے کوشش کر رہی ہوں۔ پہلے مجھے اپنا کام کرنے دیجئے اس کے بعد میں آپ کو بتاؤں گی کہ میں کیا کرسکتی ہوں ۔ لوک سبھا کا یہ آخری اجلاس عظیم الشان ہوگا۔ میں نے تمام ارکان سے اپیل کی ہے کہ وہ ایوان میں نظم و ضبط کو برقرار رکھتے ہوئے مکمل تعاون کریں۔ 15 ویں لوک سبھا کا یہ آخری سیشن ہوگا اس لئے ہمیں اس کا مکمل احترام کرنا ہوگا۔