یروشلم ہمیشہ فلسطین کا صدر مقام رہے گا

رملہ میں کانفرنس ، انڈو عرب لیگ کے نمائندوں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اپریل : ( ایجنسیز ) : عزت مآب ابومعاذن محمود عباس صدر مملکت فلسطین کی صدارت میں 11 اور 12 اپریل کو رملہ میں نویں کانفرنس منعقد ہوئی جس کا موضوع ’ یروشلم فلسطین کا ابدی صدر مقام ‘ تھا جس میں انہوں نے تمام عرب ممالک سے متحدہ لائحہ عمل کے ساتھ بیت المقدس کی بازیابی کے لیے عملی اقدامات کی تحریک پیش کی ۔ اس کے علاوہ اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ نتیجہ خیز مثبت اقدامات کرے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ اس وقت تمام عرب ممالک نے بھی بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دئیے جانے کی امریکی تجویز کی مذمت کی ہے ۔ یہ بڑی خوش آئند بات ہے ۔ اسرائیل کو 1967 کی جنگ کے دوران قبضہ کیے گئے تمام علاقے خالی کردینا چاہئے تاکہ ان پر مشتمل فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں لایا جاسکے ۔ امریکہ کی طرف سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنا بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے ۔ مجھے خوشی ہے کہ فرمان روائے سعودی عرب شاہ سلیمان نے مسئلہ فلسطین کو اولین اور مقدم مقصد قرار دیا ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ عرب اقوام اور دیگر ہمدرد دوست ممالک جس میں انڈیا بھی شامل ہے فلسطین کا مسئلہ ان کے ضمیر میں جاگزیں ہے ۔ جناب سید وقار الدین چیرمین انڈو عرب لیگ کی ہدایت پر ڈاکٹر میر اکبر علی خاں نائب صدر نشین اور ڈاکٹر محی الدین حبیبی رکن مجلس عاملہ نے کانفرنس میں شریک ہوئے ۔ ان کے علاوہ ڈاکٹر ذکر الرحمن سابق سفیر سعودی عرب ، ہرچرن سنگھ جوش رکن قومی یکجہتی کونسل انڈیا سوامی اگنی ونیش ، محمد سلیم ( ایم پی ) کلکتہ اور شیخ ابوبکر احمد کیرالا قابل ذکر ہیں ۔ کانفرنس میں جملہ 24 ممالک کے وفود شامل تھے جس میں بوسنیا ، کرغستان ، کاجکستان ، آسٹریلیا ، سینگال ، سوڈان اور گھانا شامل تھے ۔ محمود الحباش نے جناب وقار الدین چیرمین انڈو عرب لیگ کی بے لوث خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔۔