استنبول ۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے صدر رجب طیب اردغان نے اسرائیل کے ساتھ اپنے ملک کے تعلقات کو بہتر بنانے کے باوجود اس صیہونی ملک کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے آج تمام مسلمانوں پر زور دیاکہ فلسطینی کاز کی دفاع کریں۔ مسلم اکثریتی ملک ترکی کے صدر نے کہا کہ مسلمانوں کی یہ مشترکہ ذمہ داری ہیکہ وہ فلسطینی کاز کا دفاع اور یروشلم کا تحفظ کریں۔ نیز مسجد اقصیٰ کی صیانت ان بچوں پر ہی نہ چھوڑی جائے جو پتھروں کے سواء کسی اور ہتھیار سے مسلح نہیں ہیں۔ یروشلم کے پرانا شہر میں واقع مسجد اقصیٰ مسلمانوں اور یہودیوں کیلئے مقدس ہے۔ اردغان نے استنبول میں یروشلم پر ایک سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی مسجدوں میں اذاں کیلئے لاؤڈ اسپیکرس کی آواز کم کرنے سے متعلق اسرائیل کی ایک تجویز کی مذمت بھی کی۔ انہوں نے یہ تبصرے ایک ایسے وقت کئے ہیں جب اردغان کا ملک ترکی اور اسرائیل ایک مصالحتی سمجھوتہ کے تحت سفیروں کے تبادلے کی تیاریوں میں ہیں۔ یہ دونوں ملک جن کے کئی دہائیوں سے سفارتی تعلقات ہیں فلوٹیلا واقعہ کے بعد منقطع سفارتی تعلقات کو دوبارہ بحال کرنے سے اتفاق کرچکے ہیں۔ اردغان نے اپنی حکومت کے خلاف ناکام بغاوت کے اسرائیل کے ساتھ سفارتیتعلقات کی بحالی اور صیہونی مملکت کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کا اعلان کیا تھا۔