اقوام متحدہ ۔ 25 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے عرب اکثریتی مشرقی یروشلم میں بڑھتی کشیدگیوں پر گہری تشویش ظاہ کرتے ہوئے تحمل کی ضرورت اور اشتعال انگیزی سے گریز پر زور دیا ہے اور اُمید ظاہر کی کہ اسرائیل اور فلسطین مذاکرات کے احیاء کیلئے درکار سیاسی عزم کا مظاہرہ کریں گے ۔ یو این جنرل اسمبلی سیشن میں کل ہندوستان کے مستقل نمائندے برائے اقوام متحدہ اشوک مکرجی نے کہا کہ ہمیں مشرقی یروشلم کی صورتحال پر فکرمندی ہے ۔ فوری طورپر لازمی ضرورت کشیدگی کو کم کرنے اور اشتعال انگیزی سے گریز کی ہے تاکہ حالات امن مساعی کی بحالی کی طرف لے جائیں جاسکے ۔ ڈپلومیسی اور تدبر کو نفرت اور تشدد پر غالب آنا ہوگا ، اس کے بغیر دیرپا امن کیلئے کوئی دیگر راستہ نہیں ہے ۔