ایم جے اکبر کی صدر عراق اور دیگر سرکردہ قائدین سے ملاقات
نئی دہلی ۔22اگست ( سیاست ڈاٹ کام)ہندوستان نے عراق سے جنگ سے متاثرہ موصل میںدو سال قبل یرغمال بنائے گئے 39 ہندوستانی شہریوں کی بحفاظت رہائی کیلئے مدد کی درخواست کی ہے ۔ منسٹر آف اسٹیٹ اُمور خارجہ ایم جے اکبر نے آج صدر عراق فواد معصوم اور دیگر سرکردہ قائدین نے بغداد میں ملاقات کی ‘ جہاں مختلف اُمور بشمول اسلامک اسٹیٹ سے لاحق خطرات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا ۔ عراق اس وقت آئی ایس سے بری طرح متاثر ہے اور اُس نے تیل کی دولت سے مالا مال اس ملک کے ایک بڑے حصہ پر قبضہ کر رکھا ہے ۔ بات چیت میں دہشت گردی سے نمٹنے کی مختلف صورتوں پر غوروخوص کیا گیا اور ساتھ ہی ساتھ اس لعنت کا مقابلہ کرنے کیلئے دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کا عہد کیا ۔ فواد معصوم کے علاوہ ایم جے اکبر نے صدر کونسل نمائندگان سلیم الجبوری ‘ وزیراعظم ابراہیم الاشیخر الجعفری اور قومی سلامتی کے مشیر فالح الفیاض سے بھی ملاقات کی ۔ ایم جے اکبر نے اُن 39ہندوستانیوں کا پتہ چلانے اور بحفاظت رہائی یقینی بنانے میں مدد کی خواہش کی جن کا اغوا کرلیا گیا ہے ۔ عراقی قیادت نے اس معاملہ میں مکمل تعاون کا تیقن دیا ۔ ایم جے اکبر سہ روزہ دورہ پر کل بغداد پہنچے ۔وہ اس وقت تین ممالک لبنان ‘ شام اور عراق کے دورہ پر ہیں ‘ وہ کربلا بھی جائیں گے ۔ عالم اسلام میں کربلا کو نمایاں اہمیت حاصل ہے اور شیعہ علماء نے اس دورہ کا خیرمقدم کیا ہے ۔ اس سے پہلے ایک وفد نے وزیراعظم سے درخواست کی تھی کہ وہ اپنی سفر کو صرف سعودی عرب یا سنی اکثریتی ممالک تک محدود نہ رکھیں ۔