یدی یورپا کو حکومت بنانے گورنر کی دعوت ، آج حلف برداری

اکثریت ثابت کرنے 15 دن کی مہلت ،کانگریس سپریم کورٹ سے رجوع ، گورنر کا فیصلہ غیراخلاقی ، غیرقانونی ، غیر دستوری

نئی دہلی ۔ /16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں حکومت سازی کیلئے تیز تر قیاس آرائیوں کے ایک دن بعد گورنر کرناٹک وجوبھائی والا نے آج بی جے پی کے بی ایس یدی یورپا کو تشکیل حکومت کی دعوت دیدی ۔ بی جے پی لیڈر سے مخاطب ہوکر جاری کردہ مکتوب میں گورنر نے زعفرانی پارٹی کو ایوان میں اپنی اکثریت ثابت کرنے کیلئے 15 دن کی مہلت دی ہے ۔ یدی یورپا کل عہدہ رازداری کا حلف لیں گے ۔ ماباقی کابینہ ایوان اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کے بعد حلف لے گی ۔ گورنر کے اعلان کے بعد مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے کانگریس پر الزام عائد کیا کہ یہ پارٹی دستور کی دھجیاں اڑارہی ہے ۔ جس پارٹی نے ازخود دستور کی خلاف ورزیاں کرچکی ہیں آج ہمیں دستور کا درس دے رہی ہے ۔ اپنے دور حکومت میں کانگریس نے کئی ریاستوں میں صدر راج نافذ کیا تھا ۔ جنتادل ایس کے لیڈر ایچ ڈی کمارا سوامی نے گورنر کے فیصلے کو غیردستوری قرار دیا اور ان پر الزام عائد کیا کہ وہ سودے بازی کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں ۔ اکثریت ثابت کرنے کیلئے 15 دن کا وقت دیتے ہوئے گورنر نے بی جے پی قائدین کو سودے بازی کرنے کا موقع دیا ہے ۔ یہ غیر دستوری ہے ۔ ہم اس کے خلاف مستقبل کا لائحہ عمل تیار کریں گے ۔ کانگریس لیڈر رندیپ سرجے والا نے کہا کہ ہم تمام قانونی اور دستوری اختیارات کا جائزہ لیں گے ۔ کانگریس نے گورنر کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کا فیصلہ کیا ہے ۔ آج رات گورنر کے اس فیصلے کو چیالنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں درخواست داخل کی گئی اور کہا گیا ہے کہ گورنر کا یہ فیصلہ دستوری اور عدلیہ کی نظیروں کے مغائر ہے ۔ اس فیصلے سے دستوری اصولوں اور عدالتی فیصلوں کی خلاف ورزی ہوتی ہے ۔ کانگریس لیڈر ابھیشیک سنگھوی نے توثیق کی کہ انہوں نے سپریم کورٹ میں درخواست داخل کی ہے اور آج رات ہی فوری سماعت کیلئے زور دیا ہے ۔ کل صبح 9 بجے یدی یورپا کے حلف برداری سے قبل کانگریس کی درخواست کو سماعت کیلئے قبول کئے جانے کی توثیق نہیں ہوئی ہے ۔ سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے بھی اس خبر کی اشاعت تک درخواست وصول ہونے کی توثیق نہیں کی۔چیف جسٹس ہی فوری طور پر بنچ تشکیل دے سکتے ہیں تاکہ اس درخواست کی سماعت کی جاسکے لیکن وہ بھی ایسا کرسکیں گے کہنا مشکل ہے ۔