یدی یورپا کا بطور چیف منسٹر کرناٹک حلف کانگریس کا آج ’یوم جمہوریت بچاؤ‘

بنگلورو۔17 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی ایس یدی یورپا نے سپریم کورٹ میں جاری قانونی کشاکش کے درمیان آج کرناٹک کے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیا۔ انھیں گورنر وجو بھائی والا نے عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ جے ڈی ایس ۔ کانگریس اتحاد گورنر کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع ہوا کہ تقریب حلف برداری پر حکم التوا جاری کیا جائے لیکن عدالت نے یہ درخواست مسترد کردی۔ تاہم کہا کہ چیف منسٹر کے عہدہ پر یدی یورپا کی برقراری کا انحصار مقدمہ کے قطعی فیصلے پر ہوگا۔ اس لئے آج صرف یدی یورپا نے حلف لیا۔ بعدازاں پریس کانفرنس میں یدی یورپا نے کہا کہ انہیں اسمبلی میں خط ِاعتماد حاصل کرلینے اور 5 سالہ میعاد مکمل کرنے کا صد فیصد یقین ہے۔ دریں اثناء نئی دہلی میں کانگریس نے آج کہا کہ وہ کل جمعہ کو ملک بھر میں ’یوم جمہوریت بچاؤ‘ کا اہتمام کرتے ہوئے گورنر وجو بھائی والا کے ’’غیرقانونی‘‘ فیصلے کے خلاف احتجاج کرے گی۔