یتیم کشمیری نوجوان کو

نئی دہلی ۔ یکم ؍ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کشمیر کے یتیم نوجوان زاہد احمد قریشی کو مرکز نے ممکنہ مدد کا تیقن دیا ہے۔ اس طالب علم نے آئی آئی ٹی انٹرنس امتحان میں شاندار کامیابی حاصل کی۔ مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی نے کہا کہ ان کی وزارت آئی آئی ٹی میں انجینئرنگ کی تعلیم مکمل کرنے تک اس طالب علم کی ممکنہ مدد کرے گی۔ انہوں نے آج ٹوئیٹر پر لکھا کہ زاہد سے بات ہوئی اور میرا خاندان کونسلنگ کیلئے رقم ادا کرے گا۔ اس کے علاوہ وزارت فروغ انسانی وسائل ان کیلئے اسکالر شپ کا انتظام کرے گی تاکہ تعلیم مکمل کرنے میں سہولت ہوسکے۔ اس طالب علم کیلئے مختلف گوشوں سے مدد کی پیشکش کی جارہی ہے یہاں تک کہ فوج نے بھی زاہد کی مالی مدد کا اعلان کیا ہے۔ زاہد احمد قریشی کے والد کو عسکریت پسندوں نے اس وقت گولی مار کر ہلاک کردیا تھا جب وہ صرف دو ماہ کے تھے۔ ان کا خاندان غربت میں زندگی گذارتا رہا اور ایک وقت ایسا بھی آیا کہ انہوں نے آئی آئی ٹی میں داخلہ لینے کا ارادہ ترک کردیا تھا تاہم فوج نے کونسلنگ کیلئے 10 ہزار روپئے کی امداد فراہم کی۔ زاہد کا تعلق ضلع کپوارہ کے دوردراز میں واقع گلیند کلاں گاؤں سے ہے ۔ جاریہ سال تقریباً 13 لاکھ طلبہ نے آئی آئی ٹی پریلیمنری امتحان لکھا جس میں 1.5 مین امتحان کیلئے اہل قرار پائے۔