یتیم بچوں کو تعلیمی اسکیمات کیلئے انکم ٹیکس سرٹیفکٹ کی ضرورت نہیں

چیف منسٹر کے اعلان پر احکامات کی اجرائی باقی ، مسلم یتیم طلبہ کو بھی فائدہ کی امید
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے یتیم بچوں کو فیس بازادائیگی اور اسکالرشپ جیسی اسکیمات کے فوائد پہنچانے کیلئے انہیں درج فہرست اقوام کا موقف دینے کا اعلان کیا تھا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گزشتہ سال جون میں اسمبلی اجلاس کے دوران اعلان کیا تھا کہ یتیم بچوں کو ایس سی طبقہ کا موقف دیا جائے گا اور انہیں فیس باز ادائیگی اور اسکالرشپ اسکیمات سے استفادہ کیلئے انکم سرٹیفکٹ پیش کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ سعید آباد میں واقع یتیم خانہ میں 30 انجنیئرنگ طلبہ کے قیام اور انہیں درپیش مسائل کے بارے میں چیف منسٹر کو واقف کرایا گیا ۔ ان طلبہ کے پاس انکم سرٹیفکٹس نہ ہونے کے سبب وہ فیس باز ادائیگی اور اسکالرشپ جیسی اسکیمات سے محروم ہیں۔ دونوں اسکیمات کیلئے انکم سرٹیفکٹ داخل کرنا ضروری ہے۔ کوئی یتیم طالب علم اپنے والدین کا انکم سرٹیفکٹ اس طرح پیش کر پائے گا۔ یتیم طلبہ کے اس مسئلہ کا سنجیدگی سے نوٹ لیتے ہوئے چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی تھی کہ انکم سرٹیفکٹ سے مستثنیٰ قرار دیتے ہوئے فوری احکامات جاری کئے جائیں۔ چیف منسٹر نے کہا تھا کہ اس کا فائدہ مسلم یتیم طلبہ کو ہی ہوگا۔ تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے یتیم طلبہ کو انکم سرٹیفکٹ کے بغیر اسکالرشپ اور فیس بازادائیگی جیسی اہم اسکیمات سے استفادہ کے اعلان کا بڑے پیمانہ پر استقبال کیا گیا لیکن حکومت کی جانب سے آج تک اس سلسلہ میں احکامات جاری نہیں کئے گئے ۔ اس سلسلہ میں جب محکمہ سماجی بھلائی کے عہدیداروں سے ربط قائم کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یتیم طلبہ کیلئے ابھی تک اسکیم کو قطعیت نہیں دی گئی۔ چیف منسٹر نے تمام طبقات کے یتیم طلبہ کے حق میں جو اعلان کیا اس پر عمل آوری کے سلسلہ میں مشاورت جاری ہے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے اعلان کے ایک سال بعد بھی عہدیداروں کا یہ رویہ ہے تو پھر دیگر اعلانات پر عمل آوری کی توقع کس طرح کی جاسکتی ہے۔ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے یتیم طلبہ کیلئے سرکاری اسکیمات سے استفادہ کے سلسلہ میں رعایتوں کی ضرورت ہے۔ حکومت کی سطح پر مختلف یتیم خانے چلائے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ کئی غیر سرکاری ادارے بھی یتیموں کی کفالت کر رہے ہیں۔ ایسے یتیم طلبہ کو تعلیم کے میدان میں بہتر مظاہرہ کا موقع فراہم کرنے کیلئے مالی تعاون ضروری ہے۔ اسکالرشپ اور فیس باز ادائیگی دونوں ایسی اسکیمات ہیں جن کے ذریعہ یتیم طلبہ بآسانی دیگر طلبہ سے مسابقت کرسکتے ہیں۔