یاقوت پورہ میں تبدیلی کی لہر ، نوجوان اور رائے دہندوں میں شعور بیدار

مجلس بچاؤ تحریک کے امیدوار جناب مجید اللہ خاں فرحت کی مقبولیت سے تحریک کو بدنام کرنے سود خوروں کی سازش

حیدرآباد ۔ 24 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : انتخابی مہم کے آخری ایام میں جلسے ، جلوس ، دورے سے زیادہ خفیہ اجلاس اور جذبات سے کھلواڑ کے علاوہ مالی فوائد کے حصول کی مہم تیز ہوگئی ہے ۔ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں تبدیلی کی لہر اور نوجوانوں کے ساتھ ساتھ عام رائے دہندوں میں پیدا رجحان سے خائف لوگ جن میں سود خوروں کی اکثریت ہے نے اپنے کاروبار کو بند ہونے سے بچانے کے لیے مہم کا آغاز کردیا ہے ۔ چند ہفتے قبل انگریزی کے ایک موقر روزنامہ نے یہ انکشاف کیا تھا کہ یاقوت پورہ حلقہ اسمبلی میں سب سے بڑا مسئلہ سود خوروں کا ہے جنہیں سرپرستی حاصل ہے ۔ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے مجلس بچاؤ تحریک کے امیدوار جناب مجید اللہ خاں فرحت نے اس مسئلہ کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا اور ان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے وہ عناصر پریشان ہیں جو کروڑہا روپئے کے سودی کاروبار میں ملوث ہیں ۔ اب ان عناصر نے متحدہ طور پر تحریک کے امیدوار کو ناکام بنانے کی کوشش کا آغاز کردیا ہے چند یوم قبل موصولہ اطلاعات کے بموجب سود خوروں کے گروہ نے نہ صرف رائے دہی کے دن ان کے من پسند امیدوار کے حق میں خدمات انجام دینے پر ایک تا 3 یوم کی وصولی معاف کرنے کا اعلان کیا ہے بلکہ ان سود خوروں کی جانب سے مذہبی لباس میں موجود بعض کالی بھیڑوں کو بھی استعمال کرتے ہوئے گمراہ کن پروپگنڈہ چلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس پروپگنڈہ مہم کے تحت مذہبی نظر آنے والے عناصر کے ذریعہ ائمہ و خطباء کے علاوہ موذنین مساجد کو گمراہ کرنے کے لیے دعوت طعام کا اہتمام کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے ۔ اس طرح کی دعوتوں کو حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے جملہ سود خوروں کا مالی تعاون حاصل ہے جو غریب عوام کو سود پر پیسہ دیتے ہوئے ان سے بھاری سود وصول کرتے ہیں ۔ علاوہ ازیں اس حلقہ میں بعض ایسے افراد کو بھی سرگرم رکھا گیا ہے ۔ جو ملت اسلامیہ کی ترقی کے لیے راہیں ہموار کرنے کے بجائے ان میں رخنہ پیدا کرتے ہوئے اپنے مفادات کی تکمیل میں مصروف ہیں ۔ ان سرگرمیوں میں ملوث ایک شخص نے واضح کیا کہ انتخابی موسم ان کے لیے آئندہ چند برسوں تک کے گزر بسر کا انتظام کرنے کا موقع ہوتاہے چونکہ وہ بذات خود کوئی کاروبار نہیں کرتے ۔ اسی لیے وہ اس موسمی پیشہ سے وابستہ ہیں ۔ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں موجودہ حالات سے خائف سود خوروں کی جانب سے جو سازشیں کی جارہی ہیں ان میں نہ صرف ملت اسلامیہ کے اتحاد میں رخنہ ڈالنا شامل ہے بلکہ اتحاد کے نام پر اتحاد کو پارہ پارہ کرتے ہوئے ملت مظلوم کو ایک مرتبہ پھر پسماندگی کی گہری کھائی میں ڈھکیلنے کی کوشش ہے ۔ مقامی عوام کے بموجب اس طرح کے ہتھکنڈوں سے وہ اب اچھی طرح واقف ہوچکے ہیں اور ان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے چونکہ اب باشعور عوام ترقی ، پسماندگی کے خاتمہ ، تعلیمی حالت کو بہتر بنانے کے علاوہ صحت عامہ کے امور پر اپنا ایجنڈہ مرتب کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں ۔۔