یاقوت پورہ مجلس بچاؤ تحریک کے امیدوار فرحت خاں کا پیدل دورہ

جگہ جگہ عوام سے ملاقات ، ووٹ کی ترغیب ، بزرگوں کی نیک تمنائیں ، مسائل حل کرنے کا اعلان

حیدرآباد ۔ 18 اپریل ۔ ( پریس نوٹ) امیدوار حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے مجلس بچاؤ تحریک فرحت خان نے آج مختلف علاقوں بشمول خدیجہ کالونی ، مولانا آزاد نگر کا 10 بجے تا ایک بجے دن اور نہرو نگر ، رام چندرنگر مکمل 3 بجے تا 6 بجے شام پیدل تفصیلی دورہ کرتے ہوئے مقامی عوام کے مسائل کا جائزہ لیا۔ فرخت خان کا جیسے ہی مذکورہ علاقوں کا دورہ کرنے کی اطلاع مقامی عوامی کو موصول ہوئی مقامی عوام کا جم غفیر فرحت خان کو دیکھنے کیلئے جمع ہوگیا ۔ مقامی عوام بالخصوص نوجوان ایک دوسرے پر فرحت خان کو دیکھنے کے لئے سبقت لے جارہے تھے۔ فرحت خان کو مقامی عوام نے بتایا کہ ان کے مسائل کی یکسوئی کیلئے کوئی پرسان حال نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ ایک ایسے محلہ یا علاقہ میں خود کو رہنے والے محسوس کررہے ہیں جس طرح سلم علاقوں میں ہوں ۔ فرحت خان نے مقامی عوام کو تیقن دیا کہ وہ ایوان اسمبلی میں داخل ہوتے ہی سب سے پہلے مظلوم عوام کی آواز کو بلند کریں گے اور یاقوت پورہ علاقہ کے بنیادی مسائل کی یکسوئی کے ساتھ ساتھ تعلیمی جال بچھایا جائے گا۔اس موقع پر مقامی عوام کی کثیرتعداد موجود تھی ۔