برن/ نئی دہلی۔ 26 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) صنعت کار یاش برلا اور آنجہانی رئیل اسٹیٹ و شراب کی کمپنیوںکے مالک پونٹی چڈھا کے داماد ان سات ہندوستانی شہریوں میں شامل ہیں جن کا سوئز بینک میں اکاؤنٹ پایا جاتا ہے اور سوئٹزرلینڈ کی سرکاری گزٹ میں ان ناموںکا انکشاف کیا گیا ہے۔ ہندوستان سے ان کے خلاف جاری ٹیکس تحقیقات کے ضمن میں تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ ممبئی کے دو لوگ جن کا مشہور سٹی لیموزینس اسکام میں نام شامل ہے، دہلی کی خاتون تاجر رتیکا شرما اور دیگر دو اسنیہہ لتا ساہنے اور سنگیتا ساہنے کا بھی نام منظر عام پر لایا گیا ہے۔ سوئٹزرلینڈ کی فیڈرل گزٹ میں ان سات ہندوستانی شہریوں کے نام شائع کئے گئے اور ہندوستانی حکام سے تفصیلات طلب کی گئی ہے۔ گزٹ اعلامیہ کے مطابق بعض تفصیلات پہلے ہی ہندوستان نے سوئیز فیڈرل ٹیکس ایڈمنسٹریشن کو فراہم کی ہے۔ سید محمد مسعود کے معاملے میں پونزی اسکیم کی تحقیقات کی جارہی ہے اور یہ ممبئی میں سٹی لیموزینس کے ذریعہ چلائی جارہی تھی۔ ماضی میں ان کے تعلق سے سوئیز حکام کو بعض تفصیلات پیش کی جاچکی ہیں۔ سید محمد مسعود کے اکاؤنٹس انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی درخواست پر چند سال قبل ہی منجمد کردیئے گئے۔ ان کے بارے میں تازہ تفصیلات اور کوثر محمد مسعود کے بارے میں بھی ہندوستانی حکام سے تفصیلات طلب کی گئی ہے۔ اعلامیہ میں ان تمام 7 افراد سے کہا گیا کہ وہ اندرون 30 یوم اپیل دائر کریں۔