یادگیری گٹہ میں 300 ایکر اراضی کا حصول ، سڑکوں کی توسیع جاری

حیدرآباد۔ 7 مئی (سیاست نیوز) یادگیری گٹہ کو ایک بڑے مندر کے مقام میں تبدیل کرنے کیلئے حصول اراضی کا عمل شروع ہوچکا ہے اور اب تک 300 ایکر اراضی حاصل کی جاچکی ہے۔ اس کے علاوہ سڑکوں کی توسیع کا کام بھی جاری ہے۔ وی سی اور سی ای او یادگیر گٹہ ٹیمپل ڈیولپمنٹ اتھاریٹی و ڈائریکٹر چومحلہ پیالیس مسٹر کشن راؤ نے بتایا کہ 500 ایکر کی وسیع اراضی پر پارکس قائم کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کام تیزی سے شروع کردیئے گئے ہیں۔ آرکیٹکٹس ترقیاتی منصوبوں کو قطعیت دے رہے ہیں۔ حیدرآباد ، بھونگیر، کولکن پکہ ، یادگیری گٹہ ، پوچم پلی اور ورنگل کو سیاحتی مرکز کے طور پر فروغ دیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر نے پہلے ہی ان علاقوں کی ترقی کیلئے 100 کروڑ روپئے منظور کئے ہیں۔