کنٹراکٹ اور آوٹ سورسنگ ملازمین کو مستقل کرنے کی تجویز
حیدرآباد ۔ یکم ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : حکومت تلنگانہ نے ریاست میں 63,153 جائیدادوں پر تقررات کے لیے منظوری دی ہے ۔ جن میں 42,035 جائیدادوں پر تقررات کے لیے اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے ۔ 27,874 جائیدادوں پر تقررات کا عمل مکمل ہوگیا ہے ۔ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ایک لاکھ جائیدادوں پر تقررات کرنے کا چیف منسٹر کے سی آر نے وعدہ کیا ہے ۔ ریاست کے مختلف محکمہ جات میں مختلف کیڈرس کے لیے منظور ہوئے جملہ جائیدادوں کی تعداد 4,41,995 ہیں جن میں 3,33,863 جائیدادوں پر تقررات ہوگئے ہیں ۔ 1,08,132 جائیدادیں مخلوعہ ہیں مزید 44,979 جائیدادوں پر تقررات کے لیے حکومت سے منظوری حاصل ہونا باقی ہے ۔ 2014 کے بعد 72,644 نئی جائیدادیں ایجاد کی گئی ہیں ۔ ریاست میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کی منظوری دینے کے معاملے میں محکمہ فینانس خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ مختلف محکمہ جات سے وصول ہونے والی تجاویز کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہی ہے ۔ حکومت تلنگانہ ایک طرف مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے لیے جہاں توجہ دے رہی ہے ۔ وہیں کنٹراکٹ اور آوٹ سورسنگ پر خدمات انجام دینے والوں کی ملازمت کو مستقل کرنے کی حکمت عملی پر کام کررہی ہے ۔ حکومت نے ابھی تک 63,153 جائیدادوں پر تقررات کے لیے منظوری دی ہے ۔ مزید 72,644 نئے جائیدادوں کے ایجاد کے لیے مختلف موقعوں پر جی اوز جاری کی ہے ۔ 2014 میں ریاست کی تقسیم کے بعد تلنگانہ میں نئے ملازمتوں کی شدت سے ضرورت محسوس کی جارہی ہے ۔ 8 اگست 2014 کو جی او ایم ایس نمبر 43 جاری کرتے ہوئے حکومت نے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کا قیام عمل میں لایا ہے تب سے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن محکمہ فینانس کی منظوری ملنے والی جائیدادوں پر تقررات کرنے کے عمل کو جاری رکھا ہے ۔ حکومت کے مختلف محکمہ جات ، کارپوریشنس ، خود مختار اداروں ، یونیورسٹیز ، سوسائٹی میں تقررات کے لیے جارہے ہیں ۔ اس کے علاوہ ڈپارٹمنٹ سلیکشن کمیٹیاں اور پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ بھی تقررات میں اپنی ذمہ داری بخوبی نبھا رہی ہے ۔ ابھی تک 42,035 جائیدادوں پر تقررات کے لیے نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے اور 27,874 جائیدادوں پر تقررات کا عمل مکمل ہوگیا ہے ۔ محکمہ فینانس کے ذرائع نے بتایا کہ ماباقی جائیدادں پر بھی جلد از جلد تقررات کیے جائیں گے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد سے ابھی تک مختلف محکمہ جات میں 37,981 کارپوریشنس اور سوسائٹیز میں مزید 34,663 نئی جائیدادیں ایجاد کی گئی ہیں جملہ 72,644 جائیدادوں میں 72,453 عام جائیدادیں ہیں ۔ 191 سوپر نیومیری جائیدادیں ہیں ۔ نئی جائیدادوں میں محکمہ داخلہ کی 26,961 جائیدادیں محکمہ زراعت کی 1526 جائیدادیں محکمہ صحت کی 4371 جائیدادیں محکمہ مال کی 2116 جائیدادیں شامل ہیں ۔ ماباقی محکمہ جات میں کچھ کم تعداد میں جائیدادیں پائی جاتی ہیں ۔ سرکاری شعبوں میں 5.5 فیصد اور خانگی شعبوں میں 94.5 فیصد ملازمین خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ جس کی وجہ سے ٹی ایس آئی پاس کے تحت نئے صنعتوں کے قیام کے لیے حکومت منظوریاں دے رہی ہے ۔ ابھی تک 40,117 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری سے 19,448 صنعتوں کے قیام کے لیے منظوریاں دی گئی ہیں جس کے ذریعہ 2,92,617 افراد کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے ۔ ابھی تک کنٹراکٹ اور آوٹ سورسنگ کے تحت خدمات انجام دینے والے 579 ایمپلائز کی خدمات کو مستقل کیا گیا ہے ۔۔