حیدرآباد ۔ 22 ستمبر (سیاست نیوز) اب جبکہ حیدرآباد میٹرو ریل کا کام تیزی سے پائے تکمیل کے قریب ہے تو دوسری طرف عصری طرز کی بس خدمات جسے ’’بس رائڈ ٹرانزیٹ سسٹم (بی آر ٹی ایس) کہا جاتا ہے اسے کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ (کے پی ایچ بی) سے فینانشیل ڈسٹرکٹ (آئی ٹی کاریڈور) تک شروع کی جائے گی جوکہ 17 کیلو میٹرس کا فاصلہ طئے کرے گی۔ اس عصری بس خدمات کا یہ پراجکٹ 2 سال میں عوام کیلئے تیار کرلیا جائے گا جس پر 2 ہزار کروڑ روپئے کے اخراجات برداشت کئے جائیں گے۔ وزیر شہری بلدی انتظامیہ کے ٹی راما راؤ نے کہاکہ مذکورہ پراجکٹ پر 2 ہزار کروڑ روپئے خرچ ہوں گے اور یہ پراجکٹ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ (پی پی پی) طرز پر مکمل کیا جائے گا۔ بلدیہ حیدرآباد کے ذرائع کے بموجب بی آر ٹی ایس کا آغاز کے پی ایچ بی میٹرو اسٹیشن کے پاس سے ہوگا جو کہ جے این ٹی یو روڈ، ہائی ٹیک سٹی ریلوے اسٹیشن، ہائی ٹیک کنونشن سنٹر، فیڈ اسپیس جنکشن سے ہوتی ہوئی فینانس ڈسٹرکٹ پر ختم ہوگی۔ حکومت کی جانب سے اس پراجکٹ کے لئے سطح زمین پر تعمیراتی کاموں کیلئے منظوری دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں وزیر نے مزید کہا ہیکہ امیر پیٹ تا ہائی ٹک سٹی میٹرو ریل کا آغاز رواں برس ڈسمبر تک ہوگا جبکہ امیرپیٹ تا ایل بی نگر میٹرو ریل کا آغاز 24 ستمبر کو گورنر ای ایس ایل نرسمہن کے ہاتھوں عمل میں آئے گا۔