ہیگ میں مودی کا ہندوستانیوں سے خطاب

ہیگ۔28 ۔جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی نے ہالینڈ کے ہیگ میں ہندوستانی طبقے کے لوگوں کو خطاب کیا۔ مودی نے یہاں تقریبا ًتین ہزار ہندوستانیوں کو خطاب کرتے ہوئے انہیں ملک کی ترقی میں شراکت دینے اور اپنے وطن سے تعلقات اور مضبوط کرنے کے لئے کہا۔ مودی نے کل دیر رات ایک پروگرام میں ہندوستانی طبقے سے خطاب کیا۔ مودی نے یہاں کہا کہ پاسپورٹ کا رنگ تبدیل کرنے سے خون کے رشتے نہیں بدلتے ۔ انہوں نے کہا کہ پورے یورپ میں ہالینڈ وہ ملک ہے جہاں دوسرے سب سے زیادہ مہاجر ہندوستانی ہیں۔ہالینڈ میں دو لاکھ 20 ہزار سے زیادہ ہندوستانی نژاد لوگ رہتے ہیں۔ہالینڈ میں گاندھی جی کے بڑی تعداد میں مجسمہ لگائے گئے ہیں۔ ہیگ کے ڈپٹی میئر بھی ہندوستانی نژاد ہیں۔ پاسپورٹ کا رنگ کوئی سا بھی ہو، ہمارے باپ دادا ایک ہیں۔ ہر ہندوستانی دنیا کے ہر کونے میں ملک کا ایک سفیرہے ۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ جو جڑوں سے جڑا ہو اسے کوئی نہیں ہلا سکتا۔ ہندوستان کا قرض ادا کرنے سے بڑا اور کوئی محب وطن کا جذبہ نہیں ہے ۔ ہمارے درمیان فاصلے نہیں ہیں۔ میرے ملک میں سوا سو کروڑ لوگ ملک چلاتے ہیں۔ عوام کی حصہ داری سے ملک کئی گنا اور تیز رفتار ترقی کر سکتا ہے ۔اپنے 53 منٹ کے خطاب میں مودی نے کہا کہ ہندوستانی نژاد لوگوں نے بین الاقوامی سطح پر خصوصی شناخت بنائی ہے ۔ مودی کے خطاب کے دوران لوگوں نے ’مودی مودی‘ کے نعرے لگائے ۔ مودی نے کہا کہ 21 ویں صدی کا ہندوستان ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچہ کے میدان میں پیچھے نہیں رہ سکتا۔ مودی نے کہاکہ ہمیں ہر میدان میں عالمی سطح کا ہونا ہوگا۔ہندوستانی طبقے کے لوگوں سے خطاب کرنے کے بعد وزیر اعظم مودی ہندوستان کے لئے روانہ ہو گئے ۔