ہینڈ بیاگ کو اسٹامپ کا طریقہ ختم کرنے کی تجویز

آئندہ سال تک عمل آوری کا امکان ۔ ڈائرکٹر جنرل سی آئی ایس ایف
حیدرآباد 4 اگسٹ ( پی ٹی آئی ) سی آئی ایس ایف نے آج کہا کہ وہ ملک کے 59 ائرپورٹس پر مسافرین کے ہینڈ بیاگیج ٹیاگ کو اسٹامپ کرنے کے عمل کو ختم کرنے کی تجویز رکھتی ہے ۔ سنٹرل انڈسٹریل سکیوریٹی فورس ( سی آئی ایس ایف ) ملک کے 59 ائرپورٹس کی نگرانی کرتی ہے ۔ اس تجویز پر آئندہ سال سے عمل آوری کا امکان ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ملک کے 13 ائرپورٹس پر دو ماہ قبل مسافرین کے ہینڈ بیاگیج ٹیاگس پر اسٹامپ کرنے کے عمل کو ختم کردیا گیا ہے ۔ ڈائرکٹر جنرل سی آئی ایس ایف او پی سنگھ نے کہا کہ دو ماہ قبل ہم نے ہینڈ بیاگیج ٹیاگس کو اسٹامپ کرنے کا عمل ملک کے 13 ائرپورٹس پر ختم کردیا ہے ۔ جاریہ سال 15 اگسٹ کے بعد ہم تجرباتی بنیادوں پر مزید 6 ائرپورٹس پر ایسا کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال کے اختتام تک ہمارا منصوبہ ہے کہ ملک ے تمام 59 ائرپورٹس پر جو سی آئی ایس ایف کی نگرانی میں ہیں اس عمل کو ختم کردیا جائے ۔ مسٹر سنگھ ملک میں اپنی نوعیت کی پہلی ایکسپریس سکیوریٹی چیک سہولت کا راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائرپورٹ پر افتتاح کرنے پہونچے تھے ۔ اس نئی سہولت کے تحت اندرون ملک کے مسافرین ( کسی چیک ان بیاگیج کے بغیر ) اپنے بورڈنگ پاس نئے نصب کردہ سیلف سرویس بوتھس سے پرنٹ کرنے کے بعد ‘ جو روانگی کے حصے کے باہر ہی موجود ہیں ‘ ایکسپریس سکیوریٹی چیک حصے میں داخل ہوسکتے ہیں اور انہیں چیک ان میں جانے کی ضرورت نہیں ہوگی ۔