حیدرآباد 23 فبروری ( این ایس ایس ) بافندوں کو بڑی راحت فراہم کرتے ہوئے ریاستی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کے ایک لاکھ روپئے تک کے قرض معاف کردئے جائیں گے ۔ اس سلسلہ میں تفصیلات اور طریقہ کار کو قطعیت دیدی گئی ہے اور ریاستی حکومت ہینڈ لوم اور پاور لوم ورکرس کے قرض معاف کرتے ہوئے 15.75 کروڑ روپئے کا بوجھ برداشت کریگی ۔ اطلاعات کے مطابق حکومت نے اس حد تک قرضہ جات معاف کرنے کیلئے احکام جاری کردئے ہیں۔ یہ قرض جنوری 2014 سے مارچ 2017 تک حاصل کردہ ہونے چاہئیں۔ واضح رہے کہ ٹیکسٹائیلس و ہینڈ لوم کے وزیر نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ ریاستی حکومت بافندوں کے قرضہ جات معاف کریگی ۔ اندازہ کے مطابق حکومت کے اس اقدام سے تقریبا 2,467 بافندوں کو فائدہ ہوسکتا ہے ۔ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ پاور لوم ورکرس کو بھی اس اسکیم کے تحت فائدہ ہوگا اور ان کے قرض بھی معاف کئے جائینگے ۔