ہینڈلوم صنعت کے بافندوں کیلئے علحدہ پالیسی کا جلد اعلان

حیدرآباد۔/3ستمبر، ( پی ٹی آئی) حکومت تلنگانہ گھریلو ہینڈلوم صنعت سے وابستہ بنکروں کیلئے بہت جلد ایک علحدہ پالیسی کا اعلان کرے گی۔ تلنگانہ میں بنکروں کا ایک بڑا طبقہ دشواریوں کا شکار ہے لیکن حال ہی میں حکومت کی جانب سے قرض کی معافی کی شکل میں انہیں قدرے راحت حاصل ہوئی ہے۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و پنچایت راج کے تارک راما راؤ نے آج یہاں کہا کہ ’’ تلنگانہ کے گدوال، پوچم پلی اور دیگر بڑے مراکز میں ہینڈلوم صنعت سے وابستہ بنکروں اور بافندوں کیلئے حکومت تلنگانہ بہت جلد ایک علحدہ پالیسی کا اعلان کرے گی۔‘‘ تارک راما راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں اگرچہ ہینڈلوم کے ملک بھر میں بہترین شمار کئے جانے والے چند مراکز ہیں لیکن بافندوں کو شدید دشواریوںکا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’ گذر بسر کیلئے پاور لومس پر انحصار کرنے والے بافندوں کیلئے ہم نے قرض معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کابینہ نے اس ضمن میں ایک فیصلہ کیا ہے اور آئندہ بجٹ سیشن میں ہم اس پر وضاحت سے بیان دیں گے۔‘‘ تارک راما راؤ ضلع کریم نگر کے حلقہ اسمبلی سرسلہ کی نمائندگی کرتے ہیں جو کبھی ملک کے سرکردہ ٹیکسٹائیل مراکز جیسے شولا پور اور گجرات پر سبقت رکھتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ’’ سرسلہ میں تقریباً 36,000 پاور لومس ہیں اور 50ہزار سے زائد بافندگان ہیں تاہم پاور لوم سے وابستہ بافندے سخت مشکلات کا سامنا کررہے ہیں اور انہی کی مدد کیلئے ہم نے ان کے قرض معاف کرنے کے بارے میں سوچا ہے۔‘‘ تارک راما راؤ نے کہا کہ حال ہی میں انہوں نے مرکزی مملکتی وزیر ٹیکسٹائیل سنتوش کمار گنگوار سے نئی دہلی میں ملاقات کی اور سرسلہ کو میگا پاور لوم مرکز کا درجہ دینے کی درخواست کی جس سے صنعت کو سبسیڈی پر برقی اور ورکرس کو فوائد کا مستحق تصور کیا جاسکتا ہے۔