ہینڈلوم صنعت کی حوصلہ افزائی ، ہفتہ میں ایک دن زیب تن کی مہم

ارکان اسمبلی ، کونسل اور اعلیٰ عہدیداروں کو ہینڈلوم ملبوسات کے تحفے
حیدرآباد ۔ 27۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں ہینڈلوم صنعت کی حوصلہ افزائی کیلئے برسر اقتدار پارٹی کے ارکان کو ہفتہ میں ایک دن ہینڈلوم کے ملبوسات زیب تن کرنے کی مہم شروع کی گئی ہے ۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے  اس مہم کا آغاز کیا جس کے تحت حوصلہ افزائی کیلئے تمام ارکان اسمبلی اور  کونسل اور اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کو ہینڈلوم ملبوسات بطور تحفہ دیئے گئے تھے ۔ خاتون ارکان کو ہینڈلوم کی ساڑیاں تحفہ میں دی گئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ہر پیر کے دن ارکان کو پابند کیا گیا کہ ہینڈلوم ملبوسات کا استعمال کریں۔ بجٹ سیشن کے آج آخری دن پیر ہونے کے باعث ٹی آر ایس کے بیشتر ارکان اور وزراء ہینڈلوم کپڑوں میں نظر آئے ۔ وزیر آبپاشی ہریش راؤ جو عام طور پر سفید رنگ کے کپڑے پہنتے ہیں ، آج ہینڈلوم کے کلر ڈریس میں دکھائی دیئے۔ ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی نے کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے ساتھ سیلفی لی۔ واضح رہے کہ کے ٹی آر نے فلم اسٹار پون کلیان کی ٹوئیٹر پر ستائش کی اور ان کے ساتھ سیلفی کو پیش کیا کیونکہ پون کلیان  نے اپنی تازہ فلم میں ہینڈلوم کی تشہیر کی ہے۔