حیدرآباد 30 مارچ ( این ایس ایس ) سابق چیف منسٹر چھتیس گڑھ ہیمنت سورین نے آج ٹی آر ایس حکومت کے آبپاشی پراجیکٹس کی تکمیل کے تئیں عزم کی ستائش کی ۔ انہوں نے کالیشورم پراجیکٹ کے کاموں کا مشاہدہ کیا اور اس کی ستائش بھی کی ۔ ہیمنت سورین نے کالیشورم پراجیکٹ کے کام کے مقام میڈی گڈا بیاریج اور دوسرے مقامات کا دورہ کیا ۔ ریاستی وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ نے انہیں عہدیداروں کے ساتھ ان مقامات کا دورہ کروایا ۔ ہیمنت سورین ‘ ہریش راؤ اور دوسرے آج حیدرآباد سے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ کالیشورم پراجیکٹ پہونچے اور انہوں نے وہاں جاری پراجیکٹ کے کاموں کا مشاہدہ کیا ۔ ہیمنت سورین نے پراجیکٹ کے تعلق سے تفصیلات معلوم کیں اور آبپاشی کی گنجائش و دوسرے امور پر سوالات کئے ۔ ہریش راؤ نے انہیں پراجیکٹ ‘ بیاریجس پر گیٹوں کی تنصیب اور تین شفٹوں میں چل رہے کاموں کے تعلق سے تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہزآروں کی تعداد میں انجینئرس اور عہدیدار ان کاموں میں سرگرم رول ادا کر رہے ہیں۔ ہیمنت سورین نے یہاں جاری کامو ںکی رفتار پر حیرت کا اظہار کیا اور چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ اور وزیر آبپاشی ہریش راؤ کی ستائش کی جو ان پراجیکٹس کی تکمیل کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے سابقہ حکومتوں میں پراجیکٹ کے کاموں میں تاخیر پر تشویش کا بھی اظہار کیا ۔