ہیمامالنی کے ہیلی پیڈ کو نقصان

بہرائچ ( یو پی ) ۔ 11 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بی جے پی نے آج الیکشن کمیشن میں سماج وادی پارٹی ورکرس کے خلاف ایک شکایت درج کروائی جس میں ان پر الزام عائد کیا گیا کہ پارٹی ایم پی اور اداکارہ ہیمامالنی کے لیے تیار کردہ ہیلی پیڈ کو بی جے پی ورکرس نے نقصان پہنچایا ۔ بلہا میں ضمنی انتخابات کے پیش نظر ہیمامالنی کی آمد کو مد نظر رکھتے ہوئے ہیلی پیڈ تعمیر کیا گیا تھا ۔ مقامی بی جے پی لیڈر مکٹ بہاری ورما نے الزام عائد کیا کہ پارٹی ایم پی ہیمامالنی کا ہیلی کاپٹر مذکورہ ہیلی پیڈ پر آج اترنے والا تھا لیکن ایک وزیر کے اشارہ پر ایس پی ورکرس نے ہیلی پیڈ کو تباہ کردیا ۔ پارٹی نے ہیلی پیڈ کی تعمیر کے لیے ایک کنٹراکٹر کو 1.85 لاکھ روپئے ادا کئے تھے ۔ ہیلی پیڈ کو تباہ کرنے کا مقصد یہی تھا کہ بی جے پی وہاں اپنا انتخابی جلسہ منعقد نہ کرسکے ۔ مسٹر ورما نے کہا کہ ہم نے تباہ شدہ ہیلی پیڈ کو درست کرنے کی کوشش ضرور کی ہے لیکن نقصان تو بہر حال ہوا ہے ۔ سب ڈیویژن مجسٹریٹ آر سی شکلا نے کہا کہ متعلقہ حکام نے ہیمامالنی کے پروگرام کی اجازت دی تھی ۔ یاد رہے کہ بلہا حلقہ رائے دہی میں ضمنی انتخابات ہفتہ کے روز مقرر ہیں ۔ گذشتہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی ایم ایل اے ساوتری بائی پھلے کی بحیثیت ایم پی منتخب ہونے کے بعد مذکورہ نشست مخلوعہ تھی ۔۔