ہیلی کاپٹر کو مار گرانے کا اشارہ کرنے کی تردید

حیدرآباد 5 جنوری (این ایس ایس ) کریم نگر کے کانگریس رکن لوک سبھا پونم پربھاکر نے آج کہا کہ سیما آندھرا قائدین کے دباؤ کے نتیجہ میں پولیس نے ان کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کیا ہے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پونم پربھاکر نے چند دن قبل اپنے آبائی ضلع میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران دو انگلیوں سے بندوق بناتے ہوئے اشارہ کیا تھا کہ وہ متحدہ آندھرا پردیش کے حامی کرن کمار ریڈی کو کریم نگر کا دورہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ اگر وہ یہاں پہونچیں گے تو ان کے ہیلی کاپٹر کو بندوق سے مار کر گرا دیا جائے گا لیکن پونم پربھاکر نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس قسم کا کوئی بیان دینے کی تردید کی اور کہا کہ ’’میں نے کسی انفرادی شخص کے بارے میں اسیا تبصرہ نہیں کیا ۔

میں نے تلنگانہ عوام کی برہمی کی عکاسی کیلئے اس سے مختلف تناظر میں بیان دیا تھا ۔پونم پربھاکر نے کہا کہ تلگودیشم ایم ایل سی این راجکماری کے خلاف پولیس نے آخر کس لئے مقدمہ درج نہیں کیا جنہوں نے کہا تھا کہ تشکیل تلنگانہ کی صورت میںوہ اسمبلی کی عمارت سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلیں گی ۔ تلنگانہ کے کانگریس رکن پارلیمنٹ نے سوال کیا کہ خود چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کے خلاف بھی پولیس نے کوئی مقدمہ درج نہیں کیا جنہوں نے تلنگانہ وزراء کو سازی قرار دیا تھا ۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ تلنگانہ بل پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے اور علحدہ تلنگانہ کا قیام ان (تلنگانہ قائدین ) کی قطعی کامیابی ہوگی ۔