ہیلی کاپٹر مکان پر گر پڑا ، ایک ہلاک

واشنگٹن ۔ 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست ورجینیا میں ایک ہیلی کاپٹر ایک ٹاؤن ہاؤس کامپلکس پر گر پڑا جس میں ایک شخص ہلاک اور کامپلکس کو شدید نقصان پہنچا۔ مقامی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ کل ریاست کے جنوب مشرقی علاقہ ولیمس برگ میں رونما ہوا۔ دوسری طرف دی ڈیلی پریس نامی اخبار نے ورجینیا اسٹیٹ پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے ایک شخص کی ہلاکت کی توثیق کی۔ اس سلسلہ میں پولیس سے فوری رابطہ نہیں ہوسکا۔ البتہ WAVY-TV پر حادثہ کی جو تصاویر اپ لوڈ کی گئی ہیں ان میں عمارت کی تباہ شدہ چھت کو بتایا گیا ہے جس میں ایک بہت بڑا سوراخ ہوگیا ہے۔ عینی شاہدین نے بھی بتایا کہ ایک زور دار دھماکہ کی آواز بھی سنی گئی جبکہ یہ بھی کہا گیا کہ ہیلی کاپٹر حادثہ کے وقت زیادہ بلندی پر نہیں تھا بلکہ اس کی پرواز نشیبی تھی۔