برسبین ۔ 22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک ہیلی کاپٹر جس میں امریکی سیاح سوار تھے، آسٹریلیا کے مشہور و معروف سیاحتی مقام گریٹ بیریئر ریف پر حادثہ کا شکار ہوگیا جس میں ہوائی سے تعلق رکھنے والے دو سیاح ہلاک ہوگئے جبکہ کولوراڈو سے تعلق رکھنے والے دیگر دو سیاح زخمی ہوگئے۔ دریں اثناء پولیس انسپکٹر ایان ہاٹن نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر کے ملبہ سے پائلٹ نے ایک مسافر کو کھینچ کر باہر نکالنے کی کوشش کی جو ایک خاتون تھی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکی جبکہ ایک 79 سالہ شخص کو بھی انتہائی کوششوں کے باوجود بچایا نہیں جاسکا۔ دوسری طرف ایک 34 سالہ شخص اور 33 سالہ خاتون کو علاج کیلئے ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ دریں اثناء آسٹریلیا میں واقع امریکی سفارتخانہ نے بھی اس واقعہ کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ سفارتخانے کو دو امریکی سیاحوں کی ہلاکت کی خبر مل چکی ہے۔ مہلوک سیاحوں کے ارکان خاندان سے امریکی سفارتخانے نے اظہارتعزیت بھی کیا جبکہ آسٹریلین ٹرانسپورٹ سیفٹی بیوریو نے اس حادثہ کی تحقیقات کے آغاز کی توثیق کی۔