ہیلی کاپٹرحادثہ میں زخمی کوسٹ گارڈ پائلٹ فوت

ممبئی۔28مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) بحرعرب میں دوہفتے قبل ہنگامی حالت میں لینڈ کرائے جانے والے کوسٹ گارڈ کے ہیلی کوپٹر میں سوار اسسٹنٹ کمانڈنٹ پینی چودھری بحریہ کے آئی این ایس اشوینی اسپتال میں علاج کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئیں۔ وہ 17دنوں تک موت وزیست کی کشمکش میں مبتلا رہیں۔ممبئی کے قریب مروڈ جنجیرہ میں 10مارچ کو ہیلی کوپٹر کو ہنگامی حالت میں اتارا گیا تھاتب وہ پینی چودھری خصوصی مشینوں پر تھیں اور کل رات دیر گئے انہوں نے آخری سانس لی ،کوسٹ گارڈ کے پی آراو (ویسٹ) کمانڈنٹ اویندن مترا نے اس کی اطلاع دی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ حادثہ کے وقت ہیلی کوپٹر کا روٹر ان کے سرپر لگ گیا تھا اور خون کے زیادہ بہہ جانے کے سبب حالت تشویشناک ہوگئی تھی۔