ہیلمند میں فوجی کیمپ پر حملہ 6 افغان سپاہی ہلاک

کابل 29 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک افغان عہدیدار نے اطلاع دی ہے کہ ملک کے جنوبی صوبہ ہیلمند میں ایک فوجی ٹھکانہ پر کئے گئے حملے میں کم از کم چھ افغان سپاہی ہلاک ہوگئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ یہ حملہ 14 گھنٹوں تک جاری رہا اور یہاں موجود فوجیوں نے حملہ آوروں کے خلاف جوابی کارروائی بھی کی ۔ افغان نیشنل آرمی ہیلمند کے نائب سربراہ غلام فاروق پروانی نے کہا کہ طالبان تخریب کاروں بشمول خود کش بمبار نے کیمپ کے ٹھکانہ پر حملہ کیا تھا ۔ یہاں پہلے برطانوی افواج مقیم تھیں۔ یہ حملہ صبح کے وقت کیا گیا ۔ مسٹر پروانی نے کہا کہ اس حملہ میں سات سپاہی زخمی ہوئے ہیں جبکہ جوابی کارروائی میں جملہ 20 تخریب کار ہلاک ہوگئے جن میںسات خود کش بمبار بھی شامل ہیں ۔اس حملہ کیلئے طالبان نے ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔