ہیلسنکی میں ٹرمپ ۔ پوٹن چوٹی کانفرنس

ہیلسنکی۔ 16 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ اور صدر روس ولادیمیر پوٹن کی تاریخی چوٹی کانفرنس آج ہیلسنکی میں منعقد ہوئی جس میں دونوں ممالک کے صدور نے عہد کیا کہ باہم تعاون کے ذریعہ تعاون برقرار رکھیں گے اور تعلقات میں کشیدگی پیدا نہیں ہونے دیں گے۔ روس نے دریں اثناء اس خبر کی تصدیق کی کہ روس امریکی صدارتی انتخابات میں دخل اندازی کرنے میں ملوث ہے۔ پوٹن سے ٹرمپ کی دوبدو ملاقات ہوئی حالانکہ واشنگٹن میں کئی قائدین اس کے مخالف تھے۔ درحقیقت وہ چاہتے تھے کہ یہ بات چیت منسوخ کردی جائے لیکن اپنی انوکھی سفارتکاری کے ذریعہ ٹرمپ نے انہیں ترغیب دی کہ دنیا کی دو بڑی نیوکلیئر طاقتوں کے درمیان بات چیت سے دیگر ممالک کو نیوکلیئر طاقت بننے سے روکا جاسکے گا لیکن چوٹی کانفرنس کے باوجود امریکہ اور روس میں کئی موضوعات ہنوز برقرار ہیں جن پر دونوں ممالک کاتصادم ممکن ہے حالانکہ دونوں ممالک کے صدور نے ایک دوسرے کے ملک پر تنقید سے گریز کیا۔ تاہم ایسا معلوم ہوتا تھا کہ چوٹی کانفرنس کے نتائج سے پوٹن اور ٹرمپ دونوں بھی مطمئن نہیں ہیں۔ امریکہ اور روس کے قائدین میں تلخی ہنوز برقرار ہے۔ امریکہ کی ترجمان سارہ سینڈرس نے اپنے ٹوئیٹر پر کہا کہ ٹرمپ چوٹی کانفرنس سے بیحد خوش ہیں۔