نئی دہلی ۔ 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیر صحت جے پی ناڈا نے آج عوامی صحت نظام میں بہتری کیلئے این جی اوز کو سرگرم ہونے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ حکومت نے ملک بھر میں 9000 والینٹری تنظیموں کے خلاف کارروائی شروع کی ہے۔ کایا کلپ عوامی صحت سہولتوں کے ایوارڈ کیلئے شروع کردہ کاموں اور عوام صحت سہولیات کیلئے رہنمایانہ اصولوں کی اجرائی کے بعد انہوں نے کہا کہ این جی اوز صرف لکچر دینے کیلئے نہیں ہوتیں۔ ان کا وجود ایک اچھے کام انجام دینے کیلئے ہے۔ ان کی عوامی خدمات میں مصروفیت ضروری ہے۔ ناڈا کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ملک بھر کی 170 تنظیموں کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے وزیراعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کیا گیا تھا۔ اس مکتوب میں وزیراعظم پر زور دیا گیا ہیکہ وہ این جی اوز کے خلاف سخت کارروائی شروع کریں اور بیرونی فنڈس سے متعلق ایک ضابطہ قانون بنایا جائے۔ اس مکتوب میں این جی اوز نے یہ بھی مطالبہ کیا ہیکہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ اس خصوص میں این جی او شعبہ اور حکومت کے درمیان بات چیت ہونی چاہئے تاکہ ان مسائل کی یکسوئی ہوسکے۔