ہیلتھ سنٹر پر ڈاکٹرس ندارد، ورون گاندھی برہم

سلطان پور (یوپی) 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی ایم پی ورون گاندھی نے آج ایک کمیونٹی ہیلتھ سنٹر پر ڈاکٹروں کی عدم موجودگی پر ڈسٹرکٹ کے چیف میڈیکل آفیسر کی سرزنش کی۔ دریں اثناء ایم پی کے میڈیا انچارج وجئے سنگھ رگھونشی نے بتایا کہ ورون گاندھی اپنے پارلیمانی حلقہ کے تین روزہ دورہ پر آج یہاں پہونچے تھے اور یہ اُن کا پہلا دن تھا۔ مقامی عوام نے موتی گڑھ پور موضع میں واقع ہیلتھ سنٹر کے ناقص حالات سے ورون گاندھی کو واقف کروایا جس سے وہ چراغ پا ہوگئے۔

مہا دلت لڑکیوں کا اغواء
نواڈا (بہار) 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) نواڈا ڈسٹرکٹ میں 3 مہا دلت نابالغ لڑکیاں 23 ستمبر سے لاپتہ بتائی گئی ہیں۔ جس کے بعد لڑکیوں کے والدین نے ایف آئی آر درج کرواتے ہوئے اُن کی لڑکیوں کے اغواء کیلئے آٹھ افراد کو مورد الزام ٹھہرایا ہے۔ ایف آئی آر ڈسٹرکٹ کے ورسالی گنج پولیس اسٹیشن میں درج کروائی گئی ہے۔ یہ واقعہ موضع لودھی پور میں رونما ہوا۔ گمشدہ تین لڑکیوں میں سے دو کے نام ایک جیسے ہیں یعنی کاجل کماری اور اُن کی عمریں 14 سال کی ہیں جبکہ تیسری لڑکی کا نام منچن کماری بتایا گیا ہے جس کی عمر 13 سال ہے۔ یہ تمام لڑکیاں مختلف خاندانوں سے تعلق رکھتی ہیں۔ پولیس عہدیدار کا کہنا ہے کہ جس وقت تینوں لڑکیاں آگ جلانے کیلئے درکار لکڑیاں لانے جنگل میں گئیں تو اُس وقت ایک کار میں سوار کچھ لوگ وہاں پہنچے اور لڑکیوں کو زبردستی اُٹھالے گئے۔