ہیروئن کی عمر بہت مختصر ہوتی ہے : آشا پاریکھ

ممبئی 8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اپنے وقت کی کامیاب اور خصوصی طور پر مرحوم ناصر حسین کی فلموں کی مستقل ہیروئن کہلائی جانے والی آشا پاریکھ یوں تو زندگی کی 75 بہاریں دیکھ چکی ہیں اور آج بھی فلمی پارٹیوں میں کبھی کبھی نظر آجاتی ہیں۔ فلم ’’فائنڈنگ فینی‘‘ کی خصوصی اسکریننگ کے موقع پر جب اُن سے ملاقات ہوئی تو وہ فلم کے تمام اداکاروں سے فرداً فرداً ملاقات کرتے ہوئے اُنھیں مبارکباد دے رہی تھیں۔ آشا پاریکھ ایک ایسی اداکارہ ہیں جنھیں بڑھاپا بھی مات نہیں دے سکا۔ وہ آج بھی دلکش نظر آتی ہیں جس طرح اُن کی سب سے عزیز سہیلی وحیدہ رحمان نے خود کو ’’مینٹین‘‘ کیا ہے۔ آشا پاریکھ نے اپنے کرئیر کے دوران کبھی بھی دلیپ کمار اور راج کپور کے ساتھ کام نہیں کیا جس کا اُنھیں ہمیشہ ملال رہا۔ اپنے وقت کے ہر ہیرو کے ساتھ اُنھوں نے کامیاب جوڑی بنائی ہے جن میں راجندر کمار، سنیل دت، جتندر، دھرمیندر، راجیش کھنہ، فیروز خان، شمی کپور، ششی کپور، دیوآنند، بسواجیت، نوین نشچل، منوج کمار اور جوائے مکرجی کے نام قابل ذکر ہیں۔ آشا پاریکھ نے فلم کالیا میں امیتابھ بچن کے ساتھ کیرکٹر رول نبھایا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ اُنھیں آج بھی فلموں کے آفرس آتے ہیں لیکن اُن کا رول اتنا مختصر یا غیر دلکش ہوتا ہے کہ وہ انکار کردیتی ہیں۔ اُنھوں نے اعتراف کیاکہ فلمی دنیا میں ہیروئن کی زندگی بہت مختصر ہوتی ہے لیکن اس کے باوجود اُنھوں نے ایک طویل اننگ کھیلی جس کے لئے وہ مرحوم ناصر حسین کی ہمیشہ شکر گذار رہیں گی۔ اُنھوں نے وعدہ کیاکہ اگر کوئی اچھا رول انھیں پیش کیا گیا تو وہ ایک بار پھر بڑے پردے پر نظر آئیں گی۔