ہیرس کاؤنٹی کے ڈپٹی شیرف کا مشتبہ قاتل گرفتار

ہوسٹن۔30اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) ہیرس کاؤنٹی شیرف کے ڈپٹی کے قتل کے سلسلہ میں ریاست ٹیکساس کے عہدیداروں نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا جس کی شناخت شینن جیمائلس کی حیثیت سے کی گئی ۔ اُسے حراست میں لے لیا گیا ۔ عہدیداروں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ 30سالہ مائلس اب قتل کے الزام میں زیر حراست ہے ۔ ڈپٹی شیرف ڈارن گوفورتھ عمر 47سال کو اُس وقت گولی مار دی گئی تھی جب کہ وہ ایک اسٹور سے اپنی طلایہ گردی کی کار کی سمت جمعہ کی شام واپس آرہا تھا ۔ اُس پر پیچھے سے کئی گولیاں چلائی گئیں ۔بعدازاں جب وہ زمین پر گرپڑا تو اس پر مزید کئی گولیاں چلائی گئیں ۔گوفورتھ کے مائلس کے ساتھ کوئی سابق روابط نہیں تھے ۔ تحقیقات کنندوں کے بموجب ڈپٹی شیرف ڈارن گوفورتھ کو کل شام گولی مار دی گئی ۔ پولیس کے ترجمان ہیک مین نے کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ فائرنگ بلا اشتعال تھی اور سزائے موت کے انداز کی تھی جو اس پولیس آفسر کو دی گئی ۔