ہیرات میں ہندوستانی قونصل خانے پر حملے کیلئے لشکرطیبہ ذمہ دار

اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا بیان، جماعت الدعوہ دہشت گرد تنظیم
واشنگٹن ۔ 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی دہشت گرد تنظیم لشکرطیبہ افغانستان کے صوبہ ہیرات میں گذشتہ ماہ ہندوستانی قونصل خانہ پر ہوئے حملہ کیلئے ذمہ دار ہے۔ امریکہ نے آج یہ بات بتائی۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق 23 مئی 2014ء کو لشکرطیبہ نے یہ حملہ کیا۔ امریکہ نے لشکرطیبہ سے ملحق تنظیموں اور قائدین پر اضافی تحدیدات کا اعلان کیا ہے۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق 23 مئی کو ہیرات میں ہندوستانی قونصل خانہ پر حملہ ایسے وقت ہوا جبکہ وزیراعظم نریندر مودی کی 3 دن بعد تقریب حلف برداری مقرر تھی۔ اس حملہ کا مقصد سارک پیشرفت کو دھکہ پہنچانا تھا۔ نریندر مودی نے 26 مئی کو نئی دہلی میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں سارک ممالک کے سربراہان کو مدعو کیا تھا۔ لشکرطیبہ کے خلاف اپنا موقف مزید سخت کرتے ہوئے امریکہ نے اس کی ملحقہ تنظیموں بشمول جماعت الدعوہ، الانفال ٹرسٹ، تحریک حرمت رسول ؐ اور تحریک تحفظ قبلہ اول کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے۔