لندن 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دبئی کو دنیا کا مصروف ترین ایرپورٹ قرار دیئے جانے کے بعد برطانوی ٹرانسپورٹ کی 350 سالہ برتری کے خاتمہ کا الزام سیاستدانوں پر عائد کیا گیا ہے۔ ڈیلی میل کے مطابق تازہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ دبئی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر مسلسل تین ماہ میں ہیتھرو سے زائد انٹرنیشنل مسافروں کی نقل و حرکت ہوئی۔ ایرپورٹ کے سہ ماہی نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ دبئی مسافروں کی تعداد کے لحاظ سے ہیتھرو پر سبقت لے گیا ہے جس کے نتیجہ میں برطانیہ کی دنیا کے مصروف ترین ایرپورٹ یا بندرگاہ کی 350 سالہ حیثیت کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ ہیتھرو اور برٹش ایرویز کے حکام کی جانب سے گارڈ کی تبدیلی روک دی گئی ہے۔
دونوں ہی یوروپ کے مصروف ترین ایرپورٹ پر تیسرے رن وے کی تعمیر کے لئے مہم چلارہے ہیں۔ برٹش ایرویز کی پیرنٹ کمپنی آئی اے جی کے چیف ایگزیکٹیو ولی ویلش ہیتھرو کی دوسری پوزیشن پر آنے کی ذمہ داری سیاستدانوں پر عائد کردی۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک میں ہوا بازی کی کوئی پالیسی نہیں ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ویلش نے 2012 ء میں پیشن گوئی کی تھی کہ دبئی مسافروں کی تعداد کے لحاظ سے ہیتھرو کو پیچھے چھوڑ دے گا۔ اس کی وجہ اُنھوں نے سیاسی عدم فیصلہ قرار دیا ہے۔ ماہر اقتصادیات سرہوور ڈیوئس کی زیرقیادت ایک کمیشن 2012 ء سے ہیتھرو پر تیسرے ایرپورٹ کی تعمیر کا جائزہ لے رہا ہے۔ تاہم اس ضمن میں اب تک فیصلہ نہ ہونے سے برطانوی ٹرانسپورٹ کی سبقت چھن گئی ہے۔