ہیتھرو ایرپورٹ پر خاتون کو پستانوں کا 14 لیٹر دودھ ضائع کرنے کی ہدایت

ہیتھرو ایرپورٹ ۔ 27 ۔ اپریل : (سیاست ڈاٹ کام ) : امریکہ میں دو بچوں کی ایک ماں نے اس واقعہ کی شکایت کرتے ہوئے کہا جہاں سیکوریٹی کے نام پر اسے پستانوں کا 14.8 لیٹر دودھ ضائع کرنا پڑا ۔ جسیکا کوکلی مارٹنیز نے فیس بک پر ایک کھلا مکتوب تحریر کرتے ہوئے سیکوریٹی قوانین کو شدید تنقیدوں کا نشانہ بنایا ۔ واقعہ کے روز جسیکا اپنے آٹھ ماہ کے بچے کے بغیر سفر کررہی تھی ۔ اس نے کہا کہ پستانوں کے دودھ کی اتنی بڑی مقدار ضائع کرنے کی ہدایت دینے والوں نے دراصل اس کی شدید توہین کی ہے اور اس کے دودھ پیتے بچے کی دو ہفتہ کی غذا ضائع کروادی ۔ ہیتھرو ایرپورٹ کا کہنا ہے کہ مسافرین کیلئے سیال مادہ نہ لیجانے کی ہدایت تفصیل کے ساتھ ویب سائٹ پر دستیاب ہے جس میں یہ واضح کیا گیا ہے سیال مادہ کسی بھی آرپار دیکھے جانے والے کنٹینر میں لے جایا جاسکتا ہے لیکن اس کی مقدار 100 ملی لیٹر سے زائد نہ ہو ۔ دودھ پیتے بچوں کیلئے دودھ لیجانے پر کوئی پابندی نہیں ہے بلکہ اسے استثنیٰ دیا گیا ہے تاہم اس کیلئے شرط یہ ہے کہ دودھ پیتا بچہ بھی ماں کے ساتھ سفر کرے ۔ جسیکا نے کہا کہ یہ اس کی غلطی ہے کہ اس نے ویب سائٹ پر قواعد و ضوابط کا مطالعہ نہیں کیا لیکن اس کے باوجود بھی اس کا کہنا ہے کہ ماں کا دودھ بچے کیلئے سب سے اہم ہوتا ہے اور اسے ضائع کرنے کی ہدایت دینا نامناسب ہے جو اس کے جیسی دیگر ملازمت پیشہ خواتین کیلئے بھی فکر مندی کی بات ہے ۔