ہڑتال پر راشن شاپ ڈیلرس کے خلاف کارروائی

شکایات کی یکسوئی کیلئے کنٹرول روم کا قیام ۔ اکون سبھر وال
حیدرآباد۔ 28 جون (سیاست نیوز) حکومت نے یکم جولائی سے ہڑتال کرنے والے راشن ڈیلرس کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ راشن ڈیلرس کو برخاست کرکے 5 جولائی سے خواتین کی تنظیموں سے اشیائے ضروریہ تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مسائل اور شکایتوں کی یکسوئی کیلئے کنٹرول روم قائم کرکے 1967 ٹول فری نمبر و واٹس ایپ نمبر 7330774444 پر ربط پیدا کرنے کی عوام سے اپیل کی ہے۔ کمشنر سیول سپلائیز اکون سبھروال نے جوائنٹ کلکٹرس کے ساتھ اجلاس طلب کرکے متبادل انتظامات کی ہدایت دی۔ اکون سبھروال نے کہا کہ یکم جولائی سے راشن ڈیلرس کی ہڑتال کے پیش نظر عوام کو مشکلات سے بچانے متبادل انتظامات کرنا لازمی ہوگیا ہے۔ خواتین تنظیموں کی خدمات سے استفادہ کرکے 5 تا 10 جولائی راشن شاپس سے اشیائے ضروریہ تقسیم کرنے انتظامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ وقت پر اشیائے ضروریہ کیلئے پیسے ادا کرنے اور آر او (ریلز آرڈر) حاصل کرکے ڈیلرس کو نوٹس دینے اس کے بعد معطل کرنے کے احکامات جاری کرنے کی ہدایت دی۔ جن راشن ڈیلرس کو برخاست کیا جارہا ہے۔ ان کی جگہ پر 5 سے خواتین کی تنظیموں کے ذریعہ اشیائے ضروریہ تقسیم کرانے پر بھی زور دیا۔ اس عمل میں غریب عوام کیلئے کوئی دشواریاں پیش نہ آئے، اس کا خاص خیال رکھنے کی بھی ہدایت دی۔ کمشنر سیول سپلائیز نے کہا کہ ضرورت پڑھنے پر اشیائے ضروریہ کی تقسیم توسیع دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہر ماہ 2 کروڑ 75 لاکھ عوام کو راشن شاپس سے چاول تقسیم کیا جاتا ہے، لیکن راشن ڈیلرس کی جانب سے غیرذمہ دارانہ مظاہرہ کیا جارہا ہے جس پر حکومت نے سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔