سرینگر ۔8جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) معمولات زندگی وادی کشمیر میں آج حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی دوسری برسی پر مسلسل دوسرے دن بھی معطل رہے ۔ سید علی شاہ گیلانی ‘ میر واعظ عمر فاروق اور یسین ملک نے ہڑتال منانے کی اپیل کی تھی ۔ برہان وانی کو فوج نے ضلع پھولواما میں گولی مار کر ہلاک کردیا تھا ۔ تاریخی جامع مسجد کے روبرو فوج کی بھاری جمعیت تعینات کی گئی تھی جس کی وجہ سے عوام کی کثیر تعداد بطور احتجاج یہاں جمع ہوگئی تھی ۔ دریں اثناء وادی کشمیر میں موبائیل اور انٹرنیٹ خدمات آج مسلسل دوسرے دن بھی معطل رکھی گئیں ۔ انٹرنیٹ خدمات معطل ہونے کی وجہ سے امرناتھ یاترا میں شرکت کرنے والوں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔ وادی کشمیر میں ریل خدمات مسلسل دوسرے دن بھی معطل رکھی گئی تھی ۔ یہ ایک احتیاطی اقدام تھا ۔ تاریخی مغل روڈ کو بھی گاڑیوں کی آمد و رفت کیلئے بند کردیا گیا تھا ۔ شاہراہ کشمیر پر امرناتھ یاترا کی گاڑیوں کی نقل حرکت پر بھی امتناع عائد کیا گیا تھا ۔ الغرض کہ برہان وانی کی دوسری برسی پر وادی کشمیر میں تمام سرگرمیاں معطل تھیں ۔