ہڑتالی جونیر ڈاکٹرس سے بات چیت کیلئے حکومت تیار: وزیر صحت

قیمتی زندگیوں کو خطرہ ،انسانی بنیادوں پر خدمات کو جاری رکھنے کی اپیل
حیدرآباد /2 جولائی ( سیاست نیوز ) حکومت ریاست تلنگانہ ہڑتالی جونئیر ڈاکٹرس سے بات چیت کرنے اور مسائل کی یکسوئی کیلئے تیار ہے اور اس سلسلہ میں حکومت نے اپنے عہدیداروں کے ذریعہ ہڑتالی جونئیر ڈاکٹرس کو بات چیت کیلئے آنے کی دعوت بھی دی ہے ۔ لہذا جونئیر ڈاکٹرس سے بات چیت کیلئے آنے کی ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر راجیا ( جو امور صحت و طبابت کے انچارج ہیں ) نے پرزور اپیل کی اور کہا کہ جونئیرڈاکٹرس کو انسانی بنیادوں پر ا پنی خدمات کو جاری رکھنا چاہئے ۔ کیونکہ ان کی خدمات سے کئی مریضوں کی صحت میں بہتری پیدا ہوسکتی ہے ۔ اگر خدمات انجام دینے سے گریز کریں تو کئی قیمتی زندگیاں بھی ضائع ہوجانے کا خدشہ لاحق رہتا ہے ۔

ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر راجیا نے جونئیر ڈاکٹرس پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بات چیت کیلئے وہ کبھی بھی تیار ہیں کیونکہ وہ جونئیر ڈاکٹرس کو اپنے مسائل کی یکسوئی کے مطالبہ پر احتجاج کرتے ہوئے دیکھنا نہیں چاہتے ہیں ۔ بلکہ خود حکومت تلنگانہ بھی کسی بھی مسئلہ پر کسی کو بھی احتجاج کا موقع دینا نہیں چاہتی ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ جونئیر ڈاکٹرس کو کوئی بھی مسائل درپیش ہوں تو وہ راست ان سے رجوع ہوسکتے ہیں ۔ کیونکہ وہ ( ڈاکٹر راجیا ) بھی پیشہ کے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں اور مسائل کا بہ آسانی حل ڈھونڈ نکال سکتے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ جونئیر ڈاکٹرس نے اپنے دیرینہ حل طلب مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کے مطالبہ پر گذشتہ تین یوم سے احتجاج منظم کرتے ہوئے اپنی ڈیوٹیوں کا بائیکاٹ کر رہے ہیں ۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہی حکومت تلنگانہ راست ان ہڑتالی ڈاکٹرس سے بات چیت کیلئے تیار ہے ۔