ہوڑہ۔ سکندرآباد ٹرین کے ایک کوچ میں دھماکو اشیاء دستیاب

ہوڑہ (مغربی بنگال) ۔ 23 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہوڑہ اسٹیشن پر کل رات ہوڑہ۔ سکندرآباد فلک نما ایکسپریس کے ایک خالی ڈبہ میں ایک پائپ نماشئے دستیاب ہوئی جو کہ کم شدت والی دھماکو اشیاء ہونے کا شبہ ہے۔ گورنمنٹ ریلوے پولیس ہوڑہ سے یہ کیس لینے کے بعد سی آئی ڈی نے ایک لاوارث بیاگ میں دستیاب اشیاء کی جانچ کی اور یہ نتیجہ اخذ کیا کہ کم شدت والی دھماکو اشیاء ہیں۔ان دھماکو اشیاء کو فی الفور ایک سنسان مقام پر لیجاکر ناکارہ بنادیا گیا۔ ہوڑہ اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر نصب کلوز سرکیوٹ ٹی ویز کے فوٹیج حاصل کرلئے گئے ہیں جہاں پر فلک نما ایکسپریس کل شب پہنچی تھی تاکہ یہ نشاندہی کی جاسکے کہ یہ بیاگ کس نے لایا تھا جبکہ پلاسٹک کی تھیلیوں میں لپیٹ کر یہ دھماکو اشیاء دو بیاگس میں رکھے گئے تھے ۔ گورنمنٹ ریلوے پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ٹرین کی آمد کے ریلوے اسٹاف کی جانب سے حسب معمول جانچ کے دوران یہ مشتبہ بیاگس دستیاب ہوئے تھے۔