ہوٹل مالکین کو فاضل اشیاء سے یوریا کی تیاری کے ٹپس قائم کرنے کا مشورہ

تلنگانہ ہوٹل اسوسی ایشنوں کے قائدین کا اجلاس ، مئیر حیدرآباد کا خطاب
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : مئیر حیدرآباد مسٹر بی رام موہن نے ہوٹل مالکین کو مشورہ دیا کہ ہوٹل میں فروخت کی جانے والی غذائی اشیاء کا صحیح استعمال کریں اور ان فاضل سمجھی جانے والی اشیاء سے یوریا کی تیاری کے اقدامات کریں ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں یوریا کی تیاری کے لیے خصوصی پٹس قائم کرنے کا مشورہ دیا ۔ مئیر حیدرآباد گریٹر حیدرآباد ہوٹل اسوسی ایشن اور تلنگانہ اسٹیٹ ہوٹل اسوسی ایشن کے نمائندوں سے مخاطب تھے ۔ ان تنظیموں کے قائدین نے سوچھ حیدرآباد پروگرام کے تحت مئیر کے ذریعہ پوسٹر کو جاری کروایا ۔ اس موقع پر مئیر نے کہا کہ شہر حیدرآباد کو صاف ستھرا بنانے کے بلدیہ کے اقدامات میں ہوٹل مالکین کو چاہئے کہ وہ بھی اپنا حصہ ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ہوٹل میں روزانہ غذائی اشیاء بچ جاتی ہیں ۔ اس غذائی اشیاء کو پھینکے بغیر اس کا بہترین استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے ان غذائی اشیاء کے ذریعہ کمپوسٹ یوریا کو تیار کرنے کا مشورہ دیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ملک کے کسی بھی شہر میں حیدرآباد جیسے اقدامات نہیں کئے گئے ۔ حیدرآباد کے 20 لاکھ مکانات کے لیے 94 لاکھ ڈسٹ بن تقسیم کئے گئے ہیں ۔ جس کے ذریعہ گیلااور سوکھا کچرے علحدہ حاصل کیا جاتا ہے ۔ اور اس کچرا کی منتقلی کے لیے 1,500 آٹو ٹرالی تقسیم عمل میں لائی جاچکی ہے ۔ شہر میں پائے جانے والے 13 گاربیج سنٹرز کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے ان کی تعداد 25 کی جائے گی ۔ اس موقع پر کمشنر بلدیہ نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں تقریبا 21 ہزار ہوٹلوں کے ذریعہ بڑے پیمانے پر بچی ہوئی اور فاضل غذائی اشیاء حاصل ہوتی ہیں اور ان اشیاء کو نالوں ، ڈرینج میں پھینکے بغیر بہتر استعمال اس کے لیے ضروری اقدامات پر توجہ دی جارہی ہے اور اس کے لیے ہر سرکل سطح پر شعور بیداری پروگرام منعقد کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر دیگر موجود تھے ۔۔

 

جی ایچ ایم سی کے فلاحی و ترقیاتی اقدامات مثالی
اڑیسہ کا وفد متاثر ، اسی طرز پر کام کرنے پر غور ، ڈپٹی مئیر و کمشنر سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے فلاحی اور ترقیاتی اقدامات سے ریاست اڑیسہ کا وفد شدید متاثر ہوا ہے اور جی ایچ ایم سی کے اقدامات کو مثالی قرار دیتے ہوئے ریاست اڑیسہ میں اس کی عمل آوری پر غور کیا جائے گا ۔ بلدی ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ ریاست اڑیسہ کے میونسپل کارپوریشن ، میونسپلٹیز سے تعلق رکھنے والے عوام منتخبہ نمائندے مئیرس اور ڈپٹی مئیرس چیرمین پر مشتمل 35 ارکان کا وفد آج جی ایچ ایم سی پہونچا ۔ بلدیہ کی کارکردگی بالخصوص سالیڈویسٹ مینجمنٹ اور جائیداد ٹیکس کی وصولی کے طریقہ کار سے وفد بے حد متاثر ہوا ۔ بلدی ذرائع نے امکان جتایا کہ اڑیسہ ریاست کا یہ وفد مئیر ، ڈپٹی مئیر اور کمشنرس سے خصوصی ملاقات کرے گا ۔۔