ہوٹلوں ، فوڈ سنٹرس اور مالس میں کچرا کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان

حیدرآباد ۔ 29 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : بڑی ہوٹلس ، ریسٹورنٹس ، مٹھائی کی دکانیں اور فنکشن ہال ایسے مقامات ہوتے ہیں جہاں سے روزانہ 100 کیلو سے زیادہ کچرا نکلتا ہے لیکن 15 نومبر کے بعد ایسے مقامات جہاں 100 کلو سے زیادہ کچرا نکلتا ہوگا اس پر توجہ دینا ہوگا ورنہ جی ایچ ایم سی نہ صرف ان کا پانی بند کردے گی بلکہ ان پر بھاری جرمانہ عائد کردے گی کیوں کہ انہیں پہلے ہی ہدایت دی جاچکی ہے کہ وہ اپنے حدود میں بلک کاربیچ جنریٹرس ( بی جی جی ) کے نصب کرنے اور احکامات پر سختی سے پابندی کریں ۔ جو ہوٹل یا فنکشن ہال ہدایت کی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف عنقریب سرخ نوٹس ( قطعی انتباہ ) جاری کی جائے گی جس کے بعد 15 نومبر سے ان کے خلاف سخت کارروائی شروع کردی جائے گی ۔ حکام کی جانب سے ہدایت دی جاچکی ہے کہ ادارے اپنے حدود میں اندرون 15 یوم مشین نصب کریں اور کچرے کی نکاسی کے ساتھ اسے حذف کرنے کے اقدامات کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کا سلسلہ شروع ہوگا جس کے آغاز میں پہلے خاطی ادارے کے خلاف جرمانہ عائد کیا جائے گا جس کے بعد اس کے پانی کی سربراہی بند کردی جائے گی اور اس کے بعد بھی اگر ادارے کی جانب سے اقدامات نہ ہوئے تو اس کا تجارتی لائسنس ہی منسوخ کردیا جائے گا ۔ دوسری جانب جن ہوٹلوں ، فنکشن ہال اور فوڈ سنٹرس کی جانب سے کچرے کی نکاسی اور اس کو زائل کرنے کے لیے جی ایچ ایم سی کی ہدایت پر عمل آوری ہوگی انہیں نہ صرف حوصلہ افزائی کے نشانات فراہم کئے جائیں گے اور ویب سائٹ پر ان کی تفصیلات بھی جاری کی جائے گی ۔۔