ہوٹلس برائے اراضی اسکام لالو، فرزند تیجسوی کو سی بی آئی سمن

نئی دہلی ۔ 7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی نے سابق وزیر ریلوے لالو پرساد یادو اور ان کے فرزند تیجسوی کو دو آئی آر سی ٹی سی ہوٹلوں کیلئے دیکھ بھال کا کنٹراکٹ ایک خانگی کمپنی کو ادا کرنے میں مبینہ کرپشن کے سلسلہ میں پوچھ گچھ کیلئے سمن جاری کیا ہے۔ ایجنسی کے عہدیداروں نے کہا کہ آر جے ڈی لیڈر کو ایجنسی کے ہیڈکوارٹر میں پوچھ تاچھ کیلئے 11 ستمبر کو حاضر ہونے کیلئے کہا ہے اور تیجسوی کو اگلے دن کی تاریخ دی گئی ہے۔ یہ الزام ہیکہ لالو پرساد نے بحیثیت وزیر ریلوے دو ریلوے ہوٹلوں بی این آر رانچی اور بی این آر پوری کی دیکھ بھال کا کام سجاتا ہوٹل کو سونپا تھا جو ونئے اور وجئے کوچر کی ملکیت والی کمپنی ہے، اور اس سارے معاملے میں ایک بے نامی کمپنی کے ذریعہ تین ایکڑ کا قیمتی پلاٹ رشوت کی شکل میں وصول کیا گیا۔ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا کہ لالو پرساد نے وزیر ریلوے کی حیثیت سے اپنے سرکاری منصب کا کوچر برادران کو غیرواجبی مدد فراہم کرنے میں استعمال کیا اور بے نامی کمپنی ڈیلائیٹ کے ذریعہ اعلیٰ قدر کی قیمتی اراضی حاصل کرلی۔