حیدرآباد۔ 15 اپریل (سیاست نیوز) بنجارہ ہلز پولیس نے جاپان کی ہونڈا کمپنی کے انتظامیہ کے خلاف دھوکہ دہی کا ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ وجئے واڑہ میں واقع کنکا درگا آٹو موبائیل شوروم اور ڈیلر ڈی ایس پی ریڈی نے بنجارہ ہلز پولیس سے ایک شکایت درج کروائی جس میں انہوں نے بتایا کہ ہونڈا کمپنی کے انتظامیہ نے حیدرآباد کے ایک گودام سے وجئے واڑہ کے گودام تک گاڑیوں کی منتقلی کیلئے 1418 روپئے کے بجائے 2068 روپئے وصول کئے جو کمپنی اور ان کی ڈیلر شپ کے مابین کئے گئے معاہدہ کے برخلاف ہے۔ مسٹر ریڈی نے ایک شکایت میں بتایا کہ انہوں نے اب تک 45 ہزار موٹر سیکلوں کو فروخت کیا ہے اور کمپنی نے ان سے بیجا طور پر منتقلی کی رقم وصول کی جس کے سبب انہیں 2.68 کروڑ کا نقصان ہوا۔ بنجارہ ہلز پولیس نے ہونڈا کمپنی کے کیتامورامتو کے خلاف دھوکہ دہی کا ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔