کانسٹیبل کے برابر فرائض کی انجام دہی پر حکومت تلنگانہ کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 4 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی حکومت نے پولیس کانسٹیبلس کے برابر فرائض انجام دینے والے ہوم گارڈز کی ماہانہ تنخواہ کی رقم میں اضافہ کرکے 22 ہزار روپئے کی ہے اس طرح آئندہ ماہ سے پولیس کانسٹیبلس کے مساوی ہر ماہ کی پہلی تاریخ کے دن ہی ہوم گارڈز کو تنخواہ فراہم کردی جائے گی بلکہ ماہ اپریل کی تنخواہ یکم ؍ مئی کے دن ہی ہوم گارڈز کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کردی گئی۔ حکومت کے اعلان کے مطابق ہر سال ماہ اپریل میں ہوم گارڈز کی تنخواہوں میں ایک ہزار روپئے کا اضافہ کیا جائے گا۔ محکمہ پولیس میں نچلی سطح پر خدمات انجام دینے والے ہوم گارڈز کو ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد تنخواہ میں اضافہ کرنے کے علاوہ مزید کئی ایک سہولتیں فراہم کی ہے جبکہ متحدہ ریاست آندھراپردیش میں ہوم گارڈز کو ماہانہ تنخواہ 12 ہزار روپئے ہی فراہم کی جاتی تھی لیکن ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ہوم گارڈز کو درپیش مختلف مسائل کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ماہ جنوری 2018ء سے ہوم گارڈز کی تنخواہوں میں اضافہ کرکے 20 ہزار روپئے کئے گئے۔ اس طرح سال 2018ء ماہ اپریل سے ہی ہوم گارڈز کی تنخواہیں 21 ہزار روپئے کردی گئیں اور اس طرح جاریہ سال یعنی ماہ اپریل 2019ء میں ہوم گارڈز کی تنخواہ میں مزید ایک ہزار روپئے کا اضافہ کرنے کی وجہ سے اب یہ تنخواہ بڑھ کر 22 ہزار روپئے کردی گئی۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات کہی اور بتایا کہ ریاستی محکمہ پولیس کے مختلف شعبہ جات میں زائد از 20 ہزار ہوم گارڈز فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اسی دوران ہوم گارڈز نے ہر سال ایک ہزار روپئے تنخواہ میں اضافہ کرنے کے علاوہ ہر ماہ پہلی تاریخ کو ہی بینک اکاؤنٹ میں تنخواہ جمع ہوجانے کو یقینی بنانے کیلئے کئے گئے اقدامات پر چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ اور ریاستی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مسٹر مہیندر ریڈی سے اظہارتشکر کیا۔
طوفان فانی کے سبب سریکاکلم میں بڑے پیمانہ پرنقصانات
حیدرآباد 4 مئی (یو این آئی) سمندری طوفان فانی کے سبب اے پی کے سریکاکلم ضلع میں بڑے پیمانہ پرنقصانات ہوئے۔ عہدیداروں نے ابتدائی تخمینہ کے مطابق 38.43 کروڑ روپئے کا نقصا ن ہوا ہے۔ 406ہیکٹرس پر پھیلی باغبانی کی فصلوں کے ساتھ ساتھ دیگر فصلوں کو بھی شدیدنقصان پہنچا۔اس طوفان کے سبب 162مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔محکمہ افزائش مویشیاں کو 3.49لاکھ روپئے کا نقصان ہوا ہے ۔شاہراہوں،نہروں، پینے کے پانی کی پائپ لائنس کو نقصان پہنچا۔اس نقصان کا تخمینہ 213.60لاکھ روپئے کا لگایاگیا ہے ۔3334خاندانوں کو بازآباد کاری کے مراکز منتقل کردیاگیا ہے۔ 338میٹرک ٹن چاول بازآباد کاری مراکز پہنچایا گیا ہے ۔ساتھ ہی 11.169میٹرک ٹن دال،123.500میٹرک ٹن آلو بھی ان مراکز پہنچائے گئے ہیں۔
312میڈیکل کیمپس قائم کئے گئے ہیں، ساتھ ہی پینے کے پانی کا بھی انتظام کیاگیا ہے ۔طوفان سے متاثرہ علاقوں میں 975لاکھ روپئے کا محکمہ بجلی کو نقصان پہنچ۔